نیویارک ( محسن ظہیر سے )نیویارک کی مکی مسجد بروکلین کے صدر اکرم امین خان کے جواں سال صاحبزادے کامران خان کی نماز جنازہ مکی مسجد میں ادا کی دی گئی ۔ مکی مسجد کے امام قاری اسامہ احمد نے نماز جنازہ پڑھائی جس میں کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکا ن نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اکرم امین خان ، جو کہ کچھ عرصے سے علیل ہیں، اپنے جواں سال صاحبزادے کی نماز جنازہ میں وہیل چئیر پر شریک ہوئے ۔ نماز جنازہ کے شرکاءنے ان سے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیااور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
40سالہ کامران خان جو کہ نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ میں فائر فائٹر تھے ، کے فیونرل میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام اور اہلکار بھی بڑی تعداد میںشریک ہوئے اور انہوں نے اپنے روایتی و سرکاری اندازمیں آفیسر کامران خان مرحوم کے جسد خاکی کو سیلوٹ کیا اور الواداع کہا ۔کامران خان مرحوم کے جسد خاکی کی تدفین ، نیوجرسی کے قبرستان میں کی گئی ہے ۔
کامران خان کی جواں سال موت پر نماز جنازہ کے شرکاءاشکبار تھے اور پوری کمیونٹی سوگوار اور سوگوار خاندان کے لئے دعا گو ہے ۔
Funeral Prayer for Late FDNY Firefighter Kamran Khan, Son of President Makki Masjid Brooklyn Akram Amin Khan, Offered – Community Expresses Sorrow and Grief