امریکہ میں عالمی ٹیکنالوجی کانفرنس پاکستانی معیشت کے حوالے سے ”گیم چینجر“ ثابت ہو گی ، فاروق ارشد
سان فرانسسکو میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور منتظمین کی کوششوں کے نتیجے میں ہونیوالے ”انویسٹمنٹ اِ ن پاکستان ۔۔ٹیک کانفرنس“ کے ملکی معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہونگے ، نیویارک میں پریس کانفرنس
نیویارک (سپیشل رپورٹرسے ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری و سابق ایڈوائزر حکومت پنجاب فاروق ارشد نے کہا ہے کہ وفاقی فواد چوہدری کی کوششوں اور ”اوپن سائی فائی“ کے اشتراک سے امریکی شہر سان فرانسسکو میں ہونیوالی ”انویسٹمنٹ اِ ن پاکستان ۔۔ٹیک کانفرنس“ پاکستانی معیشت کے لئے ”گیم چینجر“ ثابت ہو گی ۔ اس کانفرنس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ساتھ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی شریک ہونگے ۔یہ بات انہوں نے نیویارک میں پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے مقامی قائدین چوہدری پرویز ریاض امرائ، مرزا خاور بیگ، عمران اگرہ ، ضمیر احمد چوہدری اور محمد مالک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی ۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر مقامی ساتھی عامر آفریدی ، وسیم سید، سعدئیہ تقی ، عامر اقبال چوہدری، حفیظ اللہ، فوزیہ چغتائی، وسیم سید ، طاہر میاں اور رضا دستگیر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
فاروق ارشد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد میں ”اوپن سائی فائی “ کے ڈاکٹرنوید شیروانی بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ اس کانفرنس میں پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمائیہ کاری کے مواقع ، امریکی سرمائیہ کاروں کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیم و تربیت کے شعبے میں سرمائیہ کاری اور تعلیم و تربیت کے سلسلے شروع کرنے کی دعوت دی جائےگی ۔
فاروق ارشد نے کہا کہ ”چپ “ ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا بھر میں ہر سال 25کھرب کا بزنس ہوتا ہے، پاکستان کا اس بزنس میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی لئے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اس شعبے پر خصوصی توجہ دی ۔ حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ ”چپ “ ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سرمائیہ کار اور تعلیم و تربیت دینے والے ادارے پاکستان آئیں ، پاکستان میں الیکٹرونک چپ نہ صرف تیار ہوں بلکہ انہیں بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ بھی کیا جائے ۔ ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی برامدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، ملک میں زرمبادلہ آئے گا اور ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوی سے متعلقہ تعلیم و تربیت کے شعبے میں اقدام کے نتیجے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کےلئے روزگارکے بڑے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ انشاءاللہ ایک دو سالوں میں موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑی ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔
https://youtu.be/f2GMsiQZUc0
چوہدری پرویز ریاض امرائ، مرزا خاور بیگ، عمران اگرہ ، ضمیر احمد چوہدری اور محمد مالک سمیت تحریک انصاف نیویارک کے ساتھیوں نے امریکہ میں ہونیوالی ٹیکنالوجی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کمیونٹی کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمائیہ کاری کے مواقع کے حوالے سے امریکی سرمائیہ کاروں اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے سلسلے میں اپنا کردارادا کرنا چاہئیے ۔