پاکستانبین الاقوامی

گورنر نیوجرسی کا ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان اور عوام سے اظہار یکجہتی

کمیونٹی تنظیموں کی جانب سے اپیل کی جا رہی ہے کہ متاثرین ترکی اور شام کی اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کی جائے اور امریکہ سے متاثرین زلزلہ کو ریلیف آئٹمز اور دیگر اشیائے ضروریات بھجوائی جائیں

نیوجرسی (اردو نیوز) گورنر نیوجرسی فل مرفی نے ترکی اور شام کے متاثرین زلزلہ اور دونوں ممالک کی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نیوجرسی ریاست مشکل کے اس وقت میں ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ اپنے ٹویٹ میں گورنر مرفی نے کہا کہ ہمارے دل اور دعائیں ترکی اور شام کے ان لوگوں کے ساتھ ہیں کہ جن کے عزیز و اقارب زلزلہ کے دوراں جاں بحق ہو گئے ۔

 

 

مختلف رپورٹس کے مطابق امریکہ بھر میں ٹرکش امریکن کمیونٹی ارکان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے۔ نیوجرسی اور نیویارک میں ٹرکش کمیونٹی بڑی تعداد میں آباد ہے۔ نیویارک اور نیوجرسی میں ٹرکش امریکن کمیونٹی سے پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹیز سمیت دیگر کمیونٹیز کی جانب سے بھی اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے ۔ کمیونٹی تنظیموں کی جانب سے اپیل کی جا رہی ہے کہ متاثرین ترکی اور شام کی اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کی جائے اور امریکہ سے متاثرین زلزلہ کو ریلیف آئٹمز اور دیگر اشیائے ضروریات بھجوائی جائیں ۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم آفیسرز کی نمائندہ تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی(NYPS MOS) کی جانب سے بھی ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے اور کمیونٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرین زلزلہ کی ہر ممکن امداد کریں۔

این این آئی کی رپورٹ کے مطابق امریکی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ شدید سرد موسم اور عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں تاخیر اور بڑے پیمانے پر پھیلی تباہی کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہے کہ ترکیے اور شام میں 7 اعشاریہ 8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 10 ہزار سے بھی بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

Related Articles

Back to top button