ڈاکٹر یاسمین راشد وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے فیورٹ
لاہور سمیت پنجاب بھر میںموجود تحریک انصاف کے کارکنان پنجاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی شکل میں تحریک انصاف کے چہرے کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں دیکھنا چاہتے ہیں
لاہور (اردو نیوز) پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے ہما کس کے سر پر بیٹھے گا؟یہ اہم ترین سوال کہ جس پر ابھی قیاس آرائیاں ہور ہی ہیں تاہم لاہور سمیت پنجاب بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان کی فیورٹ امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد ہیں ۔ پارٹی کے کارکنان کی اکثریت کا کہنا ہے کہ عمران خان کو پنجاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی شکل میں تحریک انصاف کے بنیادی کارکن کے چہرے کو سامنے لانا چاہئیے ۔ ایسی تقرری پنجاب میں تبدیلی کا نشان بنے گی اور یہ تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہو گی ۔
تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ انہیں صوبے میں حکومت سازی کے لئے مطلوبہ ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے ۔ اب حتمی فیصلہ عمران خان کو کرنا ہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ خیبر پختونخوا میں پرویز خٹک کو وزیر اعلیٰ نہ بنانے کے فیصلے کے پیش نظر خیال کیا جا رہا ہے کہ عمران خان پنجاب میں بھی پارٹی کے کسی مقبول رہنما کو وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز کریں گے ۔
اگر ڈاکٹر یاسمین راشد وزیر اعلیٰ بن جاتی ہیں تو وہ صوبے کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انہیں وزیر اعلیٰ بننے کے لئے خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونا ہوگا۔
دریں اثناءتحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے ۔ پارٹی کارکنوں کی جانب سے اس فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ پارٹی میں جتنے ساتھیوں کو اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی اتنا ہی پارٹی میں سینئر اور تجربہ کار قیادت میں اضافہ ہوگا ۔ عاطف خان کے وزیر اعلیٰ بننے کی صورت میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو وفاقی وزیر بنایا جائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عبدلیب عباس کو بھی وفاقی کابینہ میں یوتھ کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی ۔