پاکستانی امریکن کمیونٹی کا ڈاکٹر شفیق سے صاحبزادی کے انتقال پر اظہار تعزیت
ڈاکٹر شفیق کی صاحبزادی کینسر کے خلاف ڈیڑھ سال جنگ لڑنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملیں ، نماز جنازہ میں کمیونٹی شخصیات اور ارکان کی بڑی تعداد میں شرکت
نیویارک (اردو نیوز )پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سماجی شخصیت ،خیر سوسائٹی امریکہ کے سابق صدر اور فریڈم فورم یو ایس اے کے صدر ڈاکٹر محمد شفیق کی صاحبزادی کو ہفتہ 22اکتوبر کو یہاں سپرد خاک کر دیا گیا ۔37سالہ ہادیہ شفیق کو تقریبا ً دو سال قبل خون کے کینسر کا مرض لاحق ہوا جس کے بعد وہ مسلسل زیر علاج رہیں ۔ دو سال تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ہادیہ شفیق مرحومہ میمورئیل سیلون کینسر ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔ ان کے پسماندگان میںوالدین کے علاوہ پانچ سال کا ایک بیٹا اور شوہر شامل ہیں ۔
ہادیہ شفیق کی نماز جنازہ ہل سائیڈ اسلامک سنٹر کوینز میںادا کی گئی جس میں ڈاکٹر شفیق کے عزیز و اقارب کے علاوہ کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔ ڈاکٹر شفیق کی جواں سال صاحبزادی کے انتقال کی وجہ سے نماز جنازہ میںشریک ہر آنکھ اشکبار تھی اور شرکاءنے ڈاکٹرمحمد شفیق اور ان کی صاحبزادی کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ڈاکٹر شفیق کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
ڈاکٹر شفیق کی صاحبزادی کو لانگ آئی لینڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ ہادیہ شفیق مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے اتوار کو رسم قل ادا کی گئی جس میںقرآن خوانی کے علاوہ مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔
ڈاکٹرمحمد شفیق نے دوست احباب ، کمیونٹی ارکان کا شکرئیہ ادا کیا ہے کہ جو ان کے غم میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے سب سے اپیل کی کہ وہ ان کے خاندان کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطاءفرمائیں اور ان کی بیٹی کو جنت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
Dr Mohammad Shafique, Urdu News USA,