پاکستان

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم 23جون کو ہوگا

اینکر پرسن وسیم بادامی نے بھی اپنے ایک ویڈیو لاگ میں پوسٹ مارٹم سے متعلق ایک عام شہری جس کا ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے کوئی تعلق نہیں ، کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کے فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے

کراچی (اردونیوز ) پاکستان کی معروف سیاسی ، سماجی شخصیت اور معروف اسلامک سکالر و اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مرحوم کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم 23جون کو کروانے کا حکم جا ری کر دیا گیا ہے ۔ پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے ۔اس تمام پیش رفت کے باوجودابھی بھی یہ سوال کھڑا ہے کہ مجسٹریٹ کے حکم پر ہونے والی یہ کاروائی عمل میں آئے گی یا کسی اعلیٰ عدالتی سطح پر اس کو رکوانے کی کوشش کی جائے گی ۔ ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کے پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے، ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام،ایچ او ڈی فرانزک میڈیسن جناح پرویز مخدوم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر ہری رام اور ڈاکٹر گلزار علی بھی ٹیم کا حصہ ہونگے جبکہ ایم ایل او ڈاکٹر اریب بقائی بھی 6 رکنی میڈیکل ٹیم میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مرحوم کی سابقہ بیوی بشریٰ اقبال سامنے آگئی ہیں اور انہوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کی سرٹیفائیڈ کاپی حاصل کرلی ہے ۔اُن کا کہنا ہے کہ شریعت مطہرہ اس قبیح عمل، مردے کی چیر پھاڑ اور قبر کشائی کی اجازت نہیں دیتی۔اپنے ایک ٹویٹ میں بشریٰ اقبال کا کہناہے کہ اللہ سب دیکھ رہا ہے ۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کا فیصلہ ایک شہری کی جانب سے دی گئی درخواست پر کئے جانیوالے فیصلے میں کیا گیا جس میںدرخواست گذار کا کہنا ہے کہ اس بات کی تفتیش کی جائے کہ کیا عامر لیاقت حسین کو قتل تو نہیں کیا گیا ؟

دریں اثناءمعروف اینکر پرسن وسیم بادامی نے بھی اپنے ایک ویڈیو لاگ میں پوسٹ مارٹم سے متعلق ایک عام شہری جس کا عامر لیاقت سے کوئی تعلق نہیں ، کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کے فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے ۔عامر لیاقت حسین کا خداداد کالونی، کراچی میں جو جون کو انتقال ہو ا تھا ۔

Related Articles

Back to top button