عمران خان کی حکومت گرانے میں میرا یا امریکہ کاکوئی کردار نہیں ، ڈونلڈ لو
US Diplomat Donald Lu Denies Imran Khan's Allegations Amid Pakistan Elections Inquiry
پاکستانی الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیے، امریکی نائب سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو کا امریکی کانگریس کی امور خارجہ کی ذیلی کمیٹی میں بیان
نیویارک ( محسن ظہیر ) امریکی نائب سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو نے دو ٹوک اور واضح الفاظ میں کہا ہے کہ امریکہ کا عمران خان کی حکومت گرانے میں کوئی کردار نہیں ۔ اس سلسلے میں اُن پر اور امریکی حکومت پر جو الزامات عائد کئے جاتے ہیں ، وہ بے بنیاد ہیں۔
امریکی کانگریس کی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں سماعت کے دوران ڈونلڈ لو سے جب پو چھا گیا کہ عمران خان کی حکومت گرانے کے حوالے سے عائد کردہ الزامات پر ان کا کیا موقف ہے تو ان کا کچھ یہ کہنا تھا۔
ڈونلڈ لو کی جانب سے جب عمران خان کی حکومت نہ گرانے کا بیان دیا گیا تو کمرہ سماعت میں موجود پی ٹی آئی کے حامی پاکستانی امریکن ارکان کی جانب سے ڈونلڈ لو کے بارے میں جھوٹا جھوٹا کی آوازیں بلند کی گئیں ۔
ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں واشنگٹن میں تعینات سابق پاکستانی سفیر بھی الزامات سے انکار ی ہیں ۔
سماعت کے دوران ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں الیکشن کی شفافیت کے حوالے سے عالمی مبصرین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پر تحقیقات ہونی چاہئیے ، الیکشن کمیشن کو زیر سماعت پٹیشن پر تحقیقات کرکے اقدام کرنے چاہئیے ۔
سماعت کے دوران عافیہ صدیقی، ایران ، پاکستان گیس پائپ لائن، ڈاکٹر شکیل آفریدی ، پاک ، امریکہ اور پاک افغان تعلقات سمیت اہم امور پر بھی ڈونلڈ لو سے اہم سوالات کئے گئے ۔ سماعت کے دوران مختلف مواقع پر فری عمران خان اور عمران خان کے حق میں نعرے لگتے رہے ۔
کانگریس کی ذیلی کمیٹی میں ایک گھنٹے سماعت کے بعد کمیٹی کے اجلاس کو برخاست کر دیا گیا ۔
#DonaldLu #PTI #UrduNews