پاکستان میں ڈالر کی اونچی اڑان
پاکستان میں ڈالر 190 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ دوسری جانب سٹاک ایکس چنج میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے
کراچی (اردونیوز) پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور معاشی چیلنجوں کے براہ راست اثرات ملکی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ جبکہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے ۔ اسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان میں ڈالر 190 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ دوسری جانب سٹاک ایکس چنج میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔کراچی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 190 روپے 10 پیسے کی ریکارڈ سطح پر آگیا ہے۔ڈائریکٹر عارف حبیب گروپ احسن محنتی نے میٹیس گلوبل کو بتایا ہے کہ تیل کے زیادہ درآمدی بل اور سعودی پیکج سے متعلق قیاس آرائیوں کی وجہ سے روپیہ دباو¿ کا شکار ہے۔
چئیرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سیاسی محاذ آرائی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ بن رہی ہے۔
ملک بوستان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کی لڑائی تک ڈالر کی اڑان جاری رہے گی۔ گزشتہ روز ملک بوستان نے حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ روپے پر دباو¿ کم کرنے کے لیے سعودی عرب سے پاکستان کو ملنے والے پیکج کی تفصیلات ظاہر کرے۔
یکم اپریل کو سیاسی انتشار عروج پر ہونے کے سبب ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 189 روپے 25 پیسے پر جاپہنچا تھا، حکومت کے تبدیل ہونے کے بعد ڈالر کی قدر میں فوری طور پر کمی دیکھی گئی تھی، تاہم یہ بہتری زیادہ دیر برقرار نہیں رہی اور ڈالر نے ایک بار پھر اڑان بھرنا شروع کردی ہے۔