ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا معاملہ خوش اسلوبی سے لٹک گیا
وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل باجوہ میں طویل ملاقات ، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کےلئے قانونی طریقہ اختیار کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (اردونیوز ) وفاقی حکومت کی جانب سے ڈی جی آئی ایس آئی کا معاملہ مسلسل ”خوش اسلوبی “ سے لٹکا ہوا ہے ۔ منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کی تقرری وزیراعظم کی اتھارٹی ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل باجوہ میں طویل ملاقات بھی ہوئی ہے ۔دونوں میں اتفاق ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرریکےلئے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے لیے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آفس ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گا جس سے سپہ سالار یا فوج کی عزت میں کمی ہو۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نہ فوج ایسا قدم اٹھائے گی، جس سے وزیراعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی آئے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے۔