بھارت کے خلاف نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ
مظاہرہ پاکستانی ، کشمیری اور سکھ تینوں کمیونٹیز کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا، بھارتی جنونی جنون اور جارحیت کی مذمت، اقوم متحدہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ
مظاہرے میں نیویارک اور اس کے اطراف میں واقع امریکی ریاستوں سے مقامی قائدین اور ارکان شریک ہوئے ،فری کشمیر، فری خالصتان کے نعرے
نیویارک (اردو نیوز ) پاکستانی ، کشمیری اور سکھ کمیونٹیز نے مشترکہ طور پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرکے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بھارتی جنگی جنون ، جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کی جارحانہ کارائیوں کا نوٹس لے کر جنوبی ایشیاءکے امن کو تباہ کرنے کی بھارتی کوششوں کو ناکام بنانے کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیا جائے ۔مظاہرے میں سردارسوار خان، چوہدری ظہور اختر ،ظہیر احمد مہر، ملک امتیاز علی ،دانش جمشید ملک ، سلیم احمد ملک ، تاج خان، طاہر سندھو، چوہدری پرویز ریاض، مرزا خاور بیگ،ضمیر احمد چوہدری ، امتیاز سید ،طاہر میاں ، حاجی شفیع ، غلام مصطفی،شاہد رانجھا، چوہدری سکندر، سردارامتیاز گڑالوی ، نسیم گلگتی، رانا جاوید، وحید بٹ ، امتیاز حسین (نیوجرسی) ، ظفر چیمہ ، میاں شبیر گل ، امین غنی، علی رشید، عدنان ،زمان آفریدی اور چوہدری نوید انور سمیت پاکستانی ،کشمیری اور سکھ کمیونٹی کے مقامی قائدین اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
سکھ کمیونٹی کی جانب سے مظاہر ے کی کال ”سکھ فار جسٹس“ تنظیم کی جانب سے کی گئی۔ سکھ کمیونٹی کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعہ کو آڑبنا کر پاکستان پر ناکام حملے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم پر پردہ ڈالنے کا بہانہ بنایا ۔ ہم بھارت کا چہرہ دنیا میں بے نقاب کریں گے
پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے قائدین نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا فیصلہ کرکے ایک بار پھر امن پسندی اور خیر سگالی کا پیغام دیا ہے۔دوسری جانب بھارت کی جانب سے مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جا رہاہے ۔مظاہرین نے پاکستان کی مسلح افواج کی جرات مندی کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کو منہ توڑجواب دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر، کشمیری عوام، خالصتان کے حق میں جبکہ بھارت کے خلاف نعرے درج تھے ۔
مظاہرین ، اقوام متحدہ کے بعد نیویارک میں انڈین مشن کے سامنے بھی گئے اور وہاں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ امریکہ میں بھارتی جارحیت اور وزیر اعظم مودی کے جنگی جنون کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیویارک سے پہلے امریکہ کے تین بڑے شہروں واشنگٹن ، شکاگو اور سانٹا مونیکا(کیلی فورنیا) میں احتجاجی مظاہرے ہوچکے ہیں جبکہ ملت جعفرئیہ امریکہ نے چار مارچ کو انڈین مشن نیویارک کےسامنے مظاہرے کا بھی اعلان کیا ہے ۔