میرے کانگریشنل الیکشن نے کمیونٹی کو سیاسی طور پر متحرک بنا دیا ہے ، ڈاکٹرحسن جلیسی
میرے کانگریشنل الیکشن نے کمیونٹی کو سیاسی طور پر متحرک بنا دیا ہے ، ڈاکٹرحسن جلیسی
ہماری کمیونٹی قانون و پالیسی ساز ایوانوں میں اپنی نمائندگی خود کرنا چاہتی ہے ۔ اس سلسلے میں میری لینڈ میں کانگریس کے سپیشل الیکشن سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے
میری لینڈ (اردو نیوز ) امریکی ریاست میری لینڈ کے کانگریشنل ڈسٹرکٹ 7سے کانگریس مین کے پاکستانی نژاد امریکی امیدوار ڈاکٹر حسن جلیسی کا کہنا ہے کہ الیکشن میں کمیونٹی کی بھرپور سپورٹ اور متحرک کردار واضح کرتا ہے کہ ہماری کمیونٹی قانون و پالیسی ساز ایوانوں میں اپنی نمائندگی خود کرنا چاہتی ہے ۔ اس سلسلے میں میری لینڈ میں کانگریس کے سپیشل الیکشن سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میری لینڈ میں اپنے ایک انتخابی جلسے سے خطاب اور چینل فائیو سے بات چیت کے دوران کیا ۔
ڈاکٹرحسن جلیسی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سمیت امیگرنٹ کمیونٹیز کی جانب سے میری جو پذیرائی اور حوصلہ افزائی کی گئی، اس کا شکرئیہ ادا کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیںہیں۔لوگوں کو احساس ہو رہا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں وہ کمیونٹیز کہ جن کو یکسر نظرانداز رکھا گیا ہے، ان کے حقوق کا استحصال مسلسل جاری ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ جہاں قانون ، فیصلہ اور پالیسی سازی ہو ، وہاں ہم خود پہنچیں اور اپنی نمائندگی خود کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دو بار میری لینڈ اسمبلی میںالیکشن جیتے ہیں اور کانگریشنل الیکشن میں جانے کا مقصد یہی ہے کہ جو تجربہ ریاستی سطح پر حاصل کیا ، اسے اب اگلی سطح پر جا کر استعمال کیا جائے اور حلقہ نیابت کے عوام کی بہتری ، ترقی اور حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کیا جائے ۔ایک سوال کے جاب میں ڈاکٹر جلیسی کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو روکنے کا طریقہ یہی ہے کہ ووٹرز ووٹ ڈالیں اور اپنے نمائندوں کو کامیاب کروائیں ۔انہوں نے کہا کہ چارفروری کو الیکشن ہے ، میں اپنی کمیونٹی سے اپیل کروں گا کہ وہ نہ صرف اپنا ایک ایک ووٹ ڈالیں بلکہ اپنے جاننے والے ہر ووٹر کو اپنے ساتھ ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ بوتھ پر لے کر جائیں اور ان کا ووٹ بھی میرے حق میں ڈلوائیں ۔اگر خدانخواستہ الیکشن میں کامیاب نہیں ہوتا تو اس الیکشن میں کمیونٹی جو متحرک ہوئی ہے ، یہ تحریک کبھی ضائع نہیں جائے گی۔ یہ کمیونٹی کی سیاسی قوت میں اضافہ کرے گی۔ دوسروں کو اس کمیونٹی کی سیاسی اہمیت کا احساس اور قدر ہو گی ۔