سابق وفاقی وزیر جے سالک کے صاحبزادے ڈیوڈ سالک اور ڈیانا سالک کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے مسلم سمیت دیگر ارکان کے مقامی قائدین اور ارکان کی بھی شرکت
واشنگٹن(فضل خالق سے)مسیحی برادری ہر سال 25دسمبر کو کرسمس مناتی ہے جو کہ حضرت عیسیٰ ؑ کا یوم ولادت ہے ۔ مسیحی برادری کا یہ سب سے بڑا تہوار ہے ۔ پاکستانی امریکن کرسچیئن کمیونٹی کی معروف سرگرشخصیت اور سابق وفاقی وزیر جے سالک کے صاحبزادے ڈیوڈ سالک اور ڈیانا سالک کے زیر اہتمام امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں کرسمس کے موقع پر شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں نہ صرف مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں اکٹھے ہو کر کرسمس منائی بلکہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم مسلم شخصیات اور ارکان بھی کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکبا د دی اور اپنی پرخلوص تمناوں کا اظہار کیا ۔
مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ارکان اور اہم شخصیات کی یہ تقریب ایک بین العقائد اجتماع میں بھی تبدیل ہو گئی جس میں اخوت، بھائی چارے اور یگانگت کا مظاہرہ کیا گیا ۔
ڈیوڈ سالک اور ساتھیوں کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب میں کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات ساجد تارڑ ، عرفان یعقوب، احمد رانا، جسی سنگھ ، ڈاکٹر گل ،رئیس خان ، عائشہ خان (ڈیموکریٹک پارٹی)، ڈاکٹر بسما ئ،فر حانہ زار ، عنبر کھٹانا ،ذوالفقار کاظمی،علی عمران ،منیر کھٹانہ ،عمارہ لودھی ،میاں عرفان یعقوب، احمد رانا ،ماجد ساہی ،عمیر عزیز بہاری ، حسن سلیم،فضل خالق ، یوسف چوہدری ، عارف ملک، تنویر عامر اور دیگر کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔
اس تقریب میں اخوت و محبت کے بہترین مظاہرے کو دیکھتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے دل خوشی سے جھوم اٹھے۔ میوزیکل پروگرام ،پرتکلف کھانے اور خوبصورت لباس میں ملبوس مرد و خواتین عید کا سماء پیش کر رہے تھے۔ تقریب میں تین مقامی سنگرز بوبی ،ثناءاور الزبتھ رائے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر ڈیوڈ سالک اور الزبتھ رائے کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر سرٹفیکیٹ پیش کئے گئے ۔حاضرین نے ایسے تہوار اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مل جل کر منانے کو خوش آئندہ قرار دیا۔