مسلم لیگی تھا اور ہوں ، دانش ملک کا ”تحریک انصاف ای میل سکینڈل“ کی تحقیقات کا مطالبہ
ای میل موصول ہوئی کہ میں تحریک انصاف کا رکن ہوں، تحریک انصاف اس معاملہ کی تحقیق کرے اور جعل سازی کرنے والے کو بے نقاب کرے ۔ دانش ملک
الحمد للہ میں مسلم لیگی ہوں اور مجھے اپنے قائدین میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور پارٹی مسلم لیگ کی قیادت پر اعتماد ہے ۔ دانش ملک کا بیان
نیوجرسی (اردونیوز )پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے سرگرم مقامی رہنما دانش جمشید ملک کے لئے یکم مارچ کو موصول ہونیوالی ایک ای میل حیران کن اور پریشان کن ہی نہیں تھی جو کہ مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھیجی گئی جس میں انہیں کہا گیا کہ وہ تحریک انصاف کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیا ب ہو گئے ہیں ۔
امریکی ریاست نیوجرسی کے مکین دانش ملک جن کا امریکہ میں مسلم لیگ (ن) کے سرگرم ارکان میں ہی شمار نہیں ہوتا بلکہ سوشل میڈیا پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان جاری سوشل میڈیا بیان بازی وغیرہ میں بھی وہ اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن طور پر ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں ۔دانش ملک کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا کہ واقعی پی ٹی آئی کی ممبر شپ کی ای میل ان کے نام ہے ۔ انہوں نے متعدد بار ای میل پڑھی ۔ دانش ملک کا کہنا ہے کہ میں نے شروع میں سمجھا کہ شاید کوئی سپیم spamاور جعلی fakeای میل ہو لیکن ای میل آئی ڈی تحریک انصاف کی ویب سائٹ کے ای میل سے بنی ہوئی تھی ۔
دانش ملک کے مطابق میں نے فوری طور پر سوشل میڈیا پر ممبر شپ کی تردید کی ، ای میل کا عکس شائع کیا اور ساتھ ہی تحریک انصاف کے پاکستان اور اوورسیز چیپٹرز کے انچارج و متعلقہ حکام کو ای میل کے بارے میں بتایا اور ان سے کہا کہ وہ معاملے کی تحقیقات کریں اور حقائق معلوم کرکے مجھے بھی آگاہ کریں ۔
دانش ملک نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف اس معاملہ کی تحقیق کرے اور جعل سازی کرنے والے کو بے نقاب کرے ۔ دانش ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ الحمد للہ میں مسلم لیگی ہوں اور مجھے اپنے قائدین میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد ہے ۔
تحریک انصاف او آئی سی کے متعلقہ ذمہ داران سے اس معاملہ پر موقف حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔واضح رہے کہ امریکہ میں تحریک انصاف کے رواں ماہ میں انٹرا پارٹی الیکشن ہونے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں تحریک انصا ف کی جانب سے فروری کے آخر تک ممبرشپ کی گئی ۔ تحریک انصاف یو ایس اے کی ممبر شپ فیس 60ڈالرز سالانہ ہے ۔
دانش جمشید ملک کا کہنا ہے کہ معلوم کیا جائے کہ کس کے کریڈٹ کارڈ سے ممبر شپ فیس کی ادائیگی کی گئی یا اگر کوئی اور جعل سازی کی گئی تو اس کے ذمہ دار کو بھی تلاش کیا جائے ۔