گورنر منتخب ہو گئی تو نیویارک سٹیٹ میں غیر قانونی تارکین وطن بھی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گی ، سنتھیا نکسن
نیویارک سٹیٹ کے گورنر کے عہدے کے لئے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں گورنر ایڈریو کومو کی مقابل امیدوار سنتھیا نکسن کی ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا سے ملاقات
نیویارک ڈریم ایکٹ ، یونیورسل رینٹ کنٹرول ، خواتین اور اقلیتی بزنس کے لئے زیادہ مواقع کی حمایت اور ٹرمپ انتظامیہ کی امیگرنٹ کمیٹیز کے خلاف پالیسیوں کیخلاف کھڑی ہوں گی
سنتھیا نکسن کی نیویارک سٹی میں سابق سپیکر سٹی کونسل میلیسا مارک ویوریٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس، ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کو اس کا جائز مقام دیا جائیگا، حکام کو ان کی آواز کو بھی سننا پڑے گا، سنتھیا
نیویارک (محسن ظہیر سے ) گورنر نیویارک کے عہدے کے لئے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار سنتھیا نکسن نے کہا ہے کہ اگر وہ نیویارک سٹیٹ کی گورنر منتخب ہو گئیں تو نیویارک سٹیٹ میں بسنے والے تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی پالیسی کا نفاذ کریں گی ۔یہ بات انہوں نے نیویارک سٹی کونسل کی سابق سپیکر میلیسا مارک ویویریٹو کے ہمراہ مین ایتھنک میڈیا کے ساتھ میڈیا راو¿نڈ ٹیبل سے خطاب کے دوران کی۔
واضح رہے کہ سنتھیا نکسن ،جمعرات 13ستمبر کو گورنر کے عہدے کے لئے ہونیوالی ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں موجودہ گورنر اینڈریو کومو کے مقابلے میں الیکشن پرائمری الیکشن لڑررہی ہیں ۔
سنتھیا نکسن نے مزید کہا کہ اگر وہ گورنر منتخب ہو گئیںتو وہ نیویارک ڈریم ایکٹ ، یونیورسل رینٹ کنٹرول کو بھی سپورٹ کریں گی ۔ مزید براں خواتین اور اقلیتی ارکان کے بزنس کےلئے زیادہ سے زیادہ مواقع کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رنگ و نسل کی بنیاد پر اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امیگرنٹ کمیونٹیز کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے خلاف اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔
سنتھیا نکسن نے مزید کہا کہ ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا نیویارک سٹیٹ کا اہم ترین حصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیویارک کا شمار امریکہ کی کثیر الثقافت (ڈائیورس) ریاستوں میں ہوتا ہے ۔ اس تناظر میں نیویارک جیسی ریاستوں میں بیشتر اوقات ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا ہی ریاست اور کمیونٹیز کے درمیان ایک ذریعے اور پل کا کردار ادا کرتا ہے ۔ اس لئے اس میڈیا کی جتنی بھی اہمیت بیان کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس میڈیا کی رپورٹنگ اور اس میڈیا کی جانب سے اجاگر کئے جانے والے ایشوز کو بیشتر اوقات منتخب قیاد ت اور حکام کی جانب سے نظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بطور گورنر میں ایتھنک اور مقامی میڈیا کے ساتھ قریبی روابط کو یقینی بناو¿ں گی اور سٹیٹ کی مقامی کمیونٹیز پر بھرپور توجہ اور سرمائیہ کاری کےلئے بھی کام کروں گی ۔انہوں نے کہا کہ میری انتخابی مہم میںبھی کمیونٹی فوکس میڈیا کو بھی مرکزی اہمیت حاصل ہے ۔ ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہر ایک کی آواز کو سنا جانا چاہئیے ۔
مس نکسن نے کہا کہ میرا اطلاعات تک ہر ایک کی رسائی ، حکومت کی شفافیت اور میڈیا کے استحکام پر یقین ہے ۔ میرا یہی یقین کامیابی کی صورت میں بطور گورنر ریاست کی پالیسی کی شکل میں سامنے آئے گا ۔انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹیٹ کی جانب سے سرکاری اشتہارات کے بجٹ میں ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کو اس جا جائز شئیر ملنا چاہئیے ۔
واضح رہے کہ سنتھیا نکسن کا 13ستمبر کو ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں گورنر اینڈریو کو مو سے مقابلہ ہوگا۔
Cynthia Nixon Meets with Ethnic and Community Media Ahead of Thursday Primary