نیویارک سٹی میں کرفیو اٹھا لیا گیا
سیاہ فام جارج فلوئڈ کی پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف نیویارک میں ہونیوالے احتجاجی مظاہروں میں تشدد کی وجہ سے جزوی کرفیو نافذ کیا گیا تھا
نیویارک میں کرونا وائرس وبا کی وجہ سے جاری لاک ڈاون کو سوموار کو پہلے مرحلے میں جزوی طور پر ختم کرکے شہر کی معیشت کو جزوی طور پر کھولا جائیگا
نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں نافذ کرفیو کو اتوار7جون کو اٹھا لیاگیا۔ سٹی گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا کہ نیویارک کے شہریوں کو اب رات آٹھ بجے سے صبح5بجے تک گھروں میں رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ سٹی گورنمنٹ کی جانب سے نیویارکرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جب وہ باہر جائیں تو حکومت کی جانب سے دی جانیوالی ہدایات پر عمل کریں ۔ماسک پہنیں ، آنکھوں کی حفاظت کریں ، پانی پیتے رہیں ، ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کریں، مظاہروں کے دوران بلند آواز میں نعرہ بازی کی بجائے اشاروں سے اظہار رائے کریں اور چھ فٹ کے سماجی فاصلے کی پابندی کریں ۔واضح رہے کہ سیاہ فام جارج فلوئڈ کی پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف نیویارک میں ہونیوالے احتجاجی مظاہروں میں تشدد کی وجہ سے جزوی کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔
مظاہروں کے دوران بھی بعض مظاہرین نے کرفیو کی پابندیوں کو توڑ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نیویارک میں کرونا وائرس وبا کی وجہ سے جاری لاک ڈاو¿ن کو سوموار کو پہلے مرحلے میں جزوی طور پر ختم کرکے شہر کی معیشت کو جزوی طور پر کھولا جائیگا۔