پاکستان

کون بنے گا قونصل جنرل نیویارک ؟

حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ دفتر خارجہ اسلام آباد کی جانب سے کیا جائے گا اور فیصلہ بھی کم از کم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سطح پر ہوگا

نیویارک (اردو نیوز ) راجہ علی اعجاز کی جگہ نیویارک میں پاکستان کا نیا قونصل جنرل کون ہوگا؟کمیونٹی میں یہ سوال ہر ایک کی جانب سے پوچھا جا رہا ہے لیکن کسی کے پاس اس سوال کا جوا ب نہیں ہے ۔راجہ علی اعجاز کی جانب سے عہدے سے سبکدوش ہونے اور سعودی عرب جاکر پاکستان کے نئے سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے باوجود ابھی تک دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے نئے قونصل جنرل برائے نیویارک کی تعیناتی کا اعلان نہیں کیا گیا ۔
ریاض (سعودی عرب ) روانگی سے قبل راجہ علی اعجاز نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا کہ ان کی جگہ کون لے گا، اسی طرح پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن ڈی سی کے حکام بھی لاعلمی کا اظہا رکررہے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ دفتر خارجہ اسلام آباد کی جانب سے کیا جائے گا اور فیصلہ بھی کم از کم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سطح پر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قونصل جنرل کے لئے چارسے زائد نام زیر غور ہیں جن میں سے ایک کو آئندہ کچھ عرصے میں حتمی شکل دی جائے گی۔واضح رہے کہ راجہ علی اعجاز کے بعد نعیم چیمہ نیویارک میں پاکستان کے قائمقام قونصل جنر ل کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے حکومت سنبھالنے کے بعد اہم سفارتی تبدیلیوں میں جلد بازی سے کام نہیں لیا گیا ۔واشنگٹن ڈی سی میں سابق دور میں تعینات علی جہانگیر صدیقی کی تبدیلی کے فیصلہ میں بھی مئی ماہ کا وقت لیا گیا اور ان کی جگہ ڈاکٹر اسد مجید خان کو نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے ۔

consul general new york

Related Articles

Back to top button