" "
پاکستان

پاکستانی امریکن کمیونٹی کا سیم خان مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین

سیم خان مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے ”PACE“ کے سعیدحسن اور سید عدنان بخاری کے زیر اہتمام دعائیہ تقریب کا اہتمام

سیم ابرار خان مرحوم ایک رول ماڈل اوربے لوث شخصیت تھے جو ہمیشہ کمیونٹی کی خدمات میں پیش پیش کررہے،سیم خان نے کمیونٹی کے لئے جو خدمات انجام دیں ، انہیں مدتوں یاد رکھا جائیگا

دعائیہ تقریب میں نماز مغرب کے بعد مولانا سید خلیل بخاری اور اختتام پر بیل مور مسجد کے امام مولانا تھانوی نے سیم ابرار خان مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کروائی

نیویارک (رپورٹ: ظہیر الدین ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف و ہر دلعزیز سماجی و سیاسی و متحرک شخصیت ، پاکستان ڈے پریڈ نیوجرسی کے روح رواں اور ساو¿تھ ایشین کمیونٹی آو¿ٹ ریچ کے بانی سیم ابرار خان کی تین سے زائد دہائیوں کی خدمات کو کمیونٹی نے خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ کمیونٹی ، سیم خان اور اُن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ سیم خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے ”پروگریسو امریکن کمیونٹی امپاورمنٹ“ (پیس۔PACE)تنظیم کے سعیدحسن اور سید عدنان بخاری کے زیر اہتمام ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں نیویارک اور نیوجرسی کی پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا ۔ میاں شبیر گل نے تلاوت قرآن مجید اور بار گاہ رسالت ﷺ میں ہدئیہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ دعائیہ تقریب میں نماز مغرب کے بعد مولانا سید خلیل بخاری اور اختتام پر بیل مور مسجد کے امام مولانا تھانوی نے سیم ابرار خان مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کروائی ۔ اس موقع پر دعا کروائی گئی کہ اللہ تعالیٰ سیم خان مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ،ان کے درجات بلند فرمائیں، ان کے اہل خانہ کو ان کی جوان موت کا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطاءفرمائیں اور سیم خان کے نیک اعمال ، دین اسلام ،کمیونٹی اور دکھی انسانیت کے لئے خدمات کو اپنی بار گاہ میںقبول فرمائیں اور اجر عظیم عطاءفرمائیں ۔

دعائیہ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات و ارکان ، سیم خان کے قریبی دوستوں چوہدری خورشید احمد بھلی، راو¿ عبدالرحمان، طاہر خان ، میاں شبیر گل ،سید خلیل بخاری ،اجمل چوہدری ، اسلم بیگ، احمد خان ترین، ہارون رامے، اسد چوہدری ، آصف بیگ ، وکیل انصاری ، اشرف اعظمی ، رضوان قریشی ، سرور چوہدری ،شاہنوا ز خان، وسیم سید، افتخارتارڑ ، ہمایوں شبیر، انیس صدیقی ، شازیہ جبیں ، ناہید بھٹی ، سیمی اسد ،عذرا ڈار، طاہرہ شریف ،باسط ، فضل حق سید، عثمان عباس، معوذ اسد صدیقی ،فہیم میاں،مجیب لودھی ، محسن ظہیرسلمان ظفر، اشتیاق خان ، اظہر ، خالد بندیشہ ، بدر بھٹی، ظفر اقبال نیویارکر، آصف چوہدری ،محمد خان، طارق خان سمیت دیگر نے بڑی تعداد میںشرکت کی ۔

دعائیہ تقریب میں سیم خان مرحوم کے اہل خانہ کےلئے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

سعید حسن نے شرکاءکا دعائیہ تقریب میںشرکت پر شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیم ابرار خان کی جواں سال موت ان کے خاندان اور عزیز و اقارب کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کے لئے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیم خان نے ایک متحرک زندگی گذاری اور ہمیشہ دوسروں کے لئے خدمات انجام دیتے رہے ۔ ان کی موت سے کمیونٹی میں جو خلاءپیدا ہوا ہے ، وہ مدتوں پورا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیم خان سالانہ انٹر فیتھ ڈنر، پاکستان ڈے پریڈ نیوجرسی سمیت تقریبات میں جیسے پوری کمیونٹی کو اکٹھے کر لیتے تھے ، اس کی مثال نہیں تھی ۔ ہمیں سیم خان کی کمیونٹی کی خدمت، بین العقائد ہم آہنگی ، دکھی انسانیت کی مدد اور امریکی نظا م کے دھارے میں شامل ہو کر متحرک کردار ادا کرنے کی روایات کو آگے بڑھانا ہوگا۔

سید عدنان بخاری کا کہنا تھا کہ آج دکھی دل سے سیم ابرار خان کی یاد میں تعزیتی و دعائیہ تقریب منعقد کررہے ہیں ۔انہیں مرحوم کہنے کو دل نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیم خان ، پاکستانی اور ساو¿تھ ایشین امریکن کمیونٹی کے لئے ایک رول ماڈل تھے ۔ انہوں نے بے لوث خدمت سے اور امریکہ میں رہتے ہوئے ، امریکی نظام کا حصہ بن کر نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر کمیونٹیز میںایک ایسا مقام بنایا جسے آج ہر ایک قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

دعائیہ و تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی قائدین اور شرکاءنے کہا کہ اگر کمیونٹی لیڈر کی بات کی جائے تو سیم ابرار خان مرحوم ایک رول ماڈل تھے۔ وہ ایک بے لوث شخصیت تھے جو ہمیشہ کمیونٹی کی خدمات میں پیش پیش کررہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیم خان نے مختصر مدت میں امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے جو خدمات انجام دیں ، انہیں مدتوں یاد رکھا جائیگا۔ کمیونٹی قائدین نے مزید کہا کہ نیوجرسی میں پاکستان ڈے پریڈ ہو ، سالانہ انٹر فیتھ ڈنر ہو یا کمیونٹی میں کسی بھی قسم کی سماجی سرگرمیاں اور تقریابات ہوں، سیم خان ، اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے ۔ انہوں نے بے لوث خدمات انجام دیں ۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہر کوئی محسوس کررہا ہے کہ سیم ابرار خان کی موت سے کمیونٹی کا جو نقصان ہوا، وہ مدتوں پورا نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیم خان دوستوں کے دوست تھے ۔ سیم خان کی خدمات کی پاکستانی کمیونٹی ہی نہیں بلکہ دیگر کمیونٹیز بھی قدر اور احترام کرتے ہیں ۔ہم ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیںاور ان کے لئے ہمیشہ دعا گو رہیں گے ۔

 

Related Articles

Back to top button