بین الاقوامی

اسرائیل میں چین کے سفیر مردہ پائے گئے

چینی سفیر ڈو وائی جنہوں نے دو ماہ پہلے اپنا عہدہ سنبھالا تھا، اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں ۔اسرائیل کی ہیوم نیوز ویب سائٹ

نیویارک (سپیشل رپورٹر سے ) اسرائیل میں تعینات چین سفیر ،تل ابیب شہر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے ہیں ۔ اس بات کا اعلان اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کیا ۔ امریکی اخبار بلوم برگ کے مطابق اسرائیل کی ہیوم نیوز ویب سائٹ کے مطابق اسرائیل میں متعین 57سالہ چینی سفیرمسٹر ڈو وائی جنہوں نے دو ماہ پہلے 15فروری کواپنا عہدہ سنبھالا تھا، اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں ۔ ان کی موت کی مزید تفصیلات معلوم نہیں ہیں ۔
مسٹر ڈو وائی کو کرونا وائرس وبا کے دوران فروری میں اسرائیل میں چین کا سفیر تعینات کیا گیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور بیوہ شامل ہیں جو کہ ابھی چین نہیں پہنچے تھے ۔اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق سفیر ڈو وائی جب اپنے فرائض سنبھالنے کے لئے اسرائیل پہنچے تھے تو انہوں نے اسرائیلی حکومت کے قانون کے تحت خود کو 14دن کےلئے قرنطینہ میں رکھا تھا۔
اسرائیل میں تعیناتی سے قبل انہوں نے یوکرائن میں خدمات انجام دی تھیں ۔
اسرائیل کے اخبار ”ہاریٹز“(Haaretz)کی رپورٹ کے مطابق چینی سفیر کے سٹاف نے انہیں اپنے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پایا اور بظاہر ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ لگتی ہے ۔
بی بی سی کے مطابق انہیں اسرائیلی حکام نے بتایا ہے کہ چینی سفیر کی موت کی ابتدائی تفتیش میں کوئی گڑبڑ کے آثار نہیں پائے گئے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اسرائیل میں چین کے سفیر نے چند روز قبل (گذشتہ جمعہ کو ) امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان کی مذمت کی تھی کہ جس میں کہا گیا تھا کہ چین نے کرونا وائرس وبا کے متعلق معلومات پوشیدہ رکھی ہیں ۔چینی سفیر نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ کرونا وبا پوری انسانیت کی دشمن ہے اور انسانیت کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہئیے ۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این کے مطابق اسرائیل پولیس چینی سفیر کی رہائشگاہ پر پہنچ گئی ہے تاہم کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ۔
اسرائیل میں چینی سفارتخانے یا چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے چینی سفیر کی موت پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

 

Ambassador Du Wei

Related Articles

Back to top button