انڈیانا سٹیٹ کار حادثے میں جاں بحق ہونیوالے زاہد مہدی کی نماز جنازہ مکی مسجد بروکلین میں ادا کی جائے گی
چوہدری زاہد مہدی مرحوم اپنے ایک دوست غضنفر علی کے ہمراہ آئیوا سٹیٹ سے آٹھ اپریل کونیوجرسی آتے ہوئے ایک کار حادثےکا شکار ہو گئے
نیویارک ، اوہائیو (اردونیوز ) امریکی ریاست انڈیانا میں کار حادثے میں جاں بحق ہونیوالے جواں سال پاکستانی امریکن چوہدری زاہد مہدی کی نماز جنازہ ہفتہ ، 24اپریل کومکی مسجد بروکلین (نیویارک)میں نماز ظہر کے بعد ایک بجے دوپہر ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کے جسد خاکی کو پاکستان روانہ کر دیا جائے گا جہاں انہیں ان کے آبائی قبرستان (ماجرہ شمالی ،گجرات) میں سپرد خاک کردیا جائیگا۔36سالہ چوہدری زاہد مہدی مرحوم اپنے ایک دوست غضنفر علی کے ہمراہ آئیوا سٹیٹ سے آٹھ اپریل کونیوجرسی آتے ہوئے ایک کار حادثے میں اس وقت ہلاک ہو گئے کہ جب انڈیانا سٹیٹ میں ہائی وے پر ان کی گاڑی کو پیچھے سے آنے والے ٹرک نے ٹکر ماری جس کے بعد گاڑی سامنے موجود ٹرالر کے نیچے جا گھسی ۔مرحو م کے قریبی عزیز چوہدری تنویز اصغر بھنگرانوالہ کے مطابق کار حادثے میں زاہد مہدی اور اس کا دوست غضنفر علی زخمی ہوئے ، دونوں کوائیر ایمبولنس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں چوہدری زاہد مہدی دو ہفتے تک وہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی کو جا ملے جبکہ غضنفر علی کو ہسپتال سے ریلیز کر دیا گیا ہے اور انہیں گھر میں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
چوہدری زاہد مہدی مرحوم کی عمر 36سال تھی ، ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا، دو بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں ۔
چوہدری زاہد مہدی مرحوم ، پاکستانی امریکن کمیونٹی نیوجرسی کی معروف سماجی شخصیت حاجی امجد علی آف ماجرہ شمالی (نیوجرسی )اور چوہدری تنویر اصغر بھنگرانوالہ کے بھتیجے تھے اورماجرہ شمالی ،گجرات کی معروف شخصیت چوہدری مہدی خان مرحوم کے بیٹے اور تھے ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی نے چوہدری زاہد مہدی کی جواں سال موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائیں ۔
Chaudhry Zahid Mahdi car accident