جاوید چوہدری اور ظفر چوہدری کو صدمہ، نیویارک میں ماموں چوہدری مختار کا انتقال
چوہدری مختار احمد مرحوم کی وفات پر کمیونٹی کا جاوید چوہدری ، ظفر چوہدری ، بیٹوں چوہدری ندیم، چوہدری نعیم اور چوہدری وسیم سے اظہار تعزیت
نیویارک ( اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی بروکلین ،نیویارک کی مقامی سماجی شخصیات جاوید چوہدری اور ظفرچوہدری ( کنگن جیولرز والے ) کے ماموں چوہدری مختار احمد نیویارک میں انتقال کر گئے ہیں ۔ چوہدری مختار احمد مرحوم ، لانگ آئی لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی کے مقامی ارکان چوہدری ندیم، چوہدری نعیم اور چوہدری وسیم کے والد بھی تھے۔ مرحوم عید والے دن علیل ہوئے اور انہیں ہسپتال میں داخل کر لیا گیا جہاں وہ گذشتہ چند ہفتوں سے زیر علاج تھے ۔ منگل کو چوہدری مختار احمد مرحوم اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
مرحوم کی نماز جنازہ حمزہ مسجد ویلی سٹریم میں منگل 18جولائی کو دوپہر ڈیڑھے بجے بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی ۔چوہدری مختار احمد مرحوم کے جسد خاکی کو لانگ آئی لینڈ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
سوگوار خاندان سے دوست احباب اور کمیونٹی نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
چوہدری مختار احمد مرحوم کو دین سے گہرا لگاؤ تھا۔ وہ بروکلین میں قیام کے دوران قاری اعجاز الحسینی کی جامع مسجد نور القرآن میں بعض اوقات نماز پڑھاتے تھے اور رضا کار طور پر بچوں کو قرآن شریف بھی پڑھایا کرتے تھے ۔