چوہدری برادران ،خاندان میں یکجا ، اسمبلی میں بدستور تقسیم
ہمارے خاندان میں اختلافات کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، ایسی باتیں کرنے والوں کیلئے اللہ سے دعا ہے انہیں ہدایت دے، شجاعت حسین
جن عہدوں اور وزارتوں میں عزت نہ ہوان کے قریب نہیں جاناچاہیے، گھروں میں اختلافات معمول کاحصہ ہیں، چوہدری پرویز الٰہی
گجرات (اردو نیوز ) مسلم لیگ (ق) کے رہنماو¿ں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے ایک ساتھ بیٹھ کر خاندانی اختلافات کی خبروں کی تردید کردی۔گجرات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمارے خاندان میں اختلافات کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، ایسی باتیں کرنے والوں کیلئے اللہ سے دعا ہے انہیں ہدایت دے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان میں سیاسی بگاڑپیداکرنےکی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے اور خاندان میں اختلافات کی باتیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے، جو ہمیں ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں وہ نقصان اٹھائیں گے۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ سیاستدان اختلافات بھلاکرعام آدمی کے مسائل حل کرنےکوترجیح دیں، ہم ظالموں کاساتھ نہیں دیں گےاور ہم سے جوبھی غلطی ہوگی ہم اس کاازالہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گالی گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا چاہیے، مہنگائی بڑھ رہی ہے، قیمتیں بڑھانے والے عناصرکی نشاندہی کرناہوگی۔اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن عہدوں اور وزارتوں میں عزت نہ ہوان کے قریب نہیں جاناچاہیے، گھروں میں اختلافات معمول کاحصہ ہیں، ہم پہلے بھی ایک تھےاورآج بھی اکٹھےہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے درد دل رکھنے والے ہیں، وہ عوام کی بہتری اور دین کےفروغ پریقین رکھتے ہیں۔