پرویز الٰہی نے جماعتی اسلامی کی مذاکراتی کوششوں کی مخالفت کر دی
پرویز الٰہی نے جماعت اسلامی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آنکھیں کھولیں اور شریف برادران کی حقیقت کا یاد کریں
لاہور (احسن ظہیر سے ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق کی جانب سے حکمران جماعت اور پاکستان تحریک انصاف میں ڈیڈ لاک توڑنے اور مذاکرات کے لئے کی جانیوالی کوشش کی مخالفت کر دی۔
چوہدری پرویز الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جماعت اسلامی آنکھیں کھولے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ شریف برادران قابل اعتماد نہیں ہیں۔
اپنے بیان میں پرویز الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف نے واجپائی کی خوشنودی کیلئے قاضی حسین احمد پر پولیس حملہ کروایا تھا۔
شہبازشریف کی بدنیتی اور سفاکی پوری قوم پر آشکار ہو چکی ہے۔ جماعت اسلامی بھی اپنی آنکھیں کھولے اور حکومت کے آئین دشمن رویے اور اس کے خطرناک مضمرات کو سمجھے۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) April 17, 2023
پاکستان تحریک انصاف کے صدر نے کہا کہ جماعت اسلامی آنکھیں کھولے، حکومت کے آئین دشمن رویے کے خطرناک مضمرات کو سمجھے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے گذشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی قیادت سے براہ راست ملاقاتیں کیں اور سیاسی حریفین پر زور دیا کہ وہ آپس میں مل بیٹھیں۔ اس سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔