کیپٹن وحید اختر 60پریسنٹ کے ایگزیکٹو آفیسر تعینات
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ایک اور پاکستانی امریکن پولیس آفیسر ، پریسنٹ میں سیکنڈ ان کمانڈ مقرر
نیویارک (سپیشل رپورٹرسے ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی امریکن پولیس آفیسر کیپٹن وحید اختر کو بروکلین (نیویارک ) کے 60پریسنٹ (پولیس سٹیشن) میں ایگزیکٹو آفیسر تعینات کردیا گیا ہے۔ وہ پریسنٹ میں ’سیکنڈ اِن کمانڈ ‘ ہوںگے ۔ ان سے قبل ایک اور پاکستانی امریکن کیپٹن عدیل رانا کو بروکلین (نیویارک ) کے84پریسنٹ کا کمانڈنگ آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔ نیویارک پولیس میں دو سو سے زائدپاکستانی امریکن پولیس آفیسرز فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان میں دو آفیسرز کی کمانڈنگ پوسٹنگ ، اہم کامیابی ہے ۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان کی جانب سے کیپٹن وحید اختر کو مبارکباد دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کمیونٹی کو ان کی خدمات پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ کیپٹن وحید اختر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ نیویار ک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کیپٹن کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے پاکستان امریکن تھے ۔