نیویارک میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نعمان سلیمی کابہیمانہ قتل
نیویارک کے علاقے ایسٹ نیویارک (بروکلین) میں نعمان سلیمی کو بہیمانہ انداز میں قتل کرکے لاش سڑک پر پھینک دی گئی اور قاتل اس کی گاڑی لے کر فرار ہونے میں کامیا ب ہو گیا
جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات تقریبا ً تین بجے ایسٹ نیویارک کے علاقے ولیمز ایونیو اور اٹلانٹک ایونیو پر نعمان سلیمی سٹرک پر مردہ حالت میں پایا گیا،موت سر پر پیچھے سے گولی لگنے سے واقع ہوئی
نیویارک(محسن ظہیر ) نیویارک کے علاقے ایسٹ نیویارک (بروکلین) میں جواں سال پاکستانی امریکن ٹیکسی ڈرائیور نعمان سلیمی کو بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا گیا ۔ واردات کے بعد قاتل نے 29سالہ مقتول نعمان سلیمی کی لاش سڑک پر پھینکی اور اس کی گاڑی لے کر فرار ہونے میں کامیا ب ہو گیا ۔نیویارک پولیس حکام نے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات تقریبا ً تین بجے ایسٹ نیویارک کے علاقے ولیمز ایونیو اور اٹلانٹک ایونیو پر نعمان سلیمی سٹرک پر مردہ حالت میں پایا گیا ۔پولیس حکام جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہوں نے مقتول کی لاش کو سائیڈ واک پر پڑے دیکھا جس کو سر کر پیچھے سے گولی ماری گئی تھی ۔
مقتول کے بھائی رضوان سلیمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیب کمپنی کے ڈسپیچر نے کہا کہ ولیمز ایونیو اور اٹلانٹک ایونیو پر جا کر دیکھیں ، نعمان سلیمی کی گاڑی وہاں موجود پائی جا رہی ہے ۔ جائے وقوعہ پہ نعمان مردہ حالت میں پایا گیا ۔مقتول چند روز میں ٹیکسی چھوڑ کر فارمیسی کے شعبے میں جاب شروع کرنے جا رہا تھا ، اس کا جلد ہی شادی کا بھی ارادہ تھا۔
نیویارک سٹیٹ فیڈریشن آف ٹیکسی ڈرائیورز کے ترجمان فرنینڈو میٹو کے مطابق نعمان نے ریزارٹ کیسینو ، بروکلین سے سواری اٹھائی تھی ۔مقتول کے اہل خانہ کےمطابق اس کا پرس جائے وقوعہ سے پانچ بلاک کے فاصلے پر پڑا ملا ۔وہ آلٹے ما کار چلا رہا تھا جو کہ قاتل اس کے قتل کے بعد ساتھ لے گئے اور کار کا تاحال ہوئی پتہ نہیں چل سکا۔پولیس حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ نعمان سلیمی کے قاتل یا قاتلوں کے بارے میں معلوماتفراہم کرنے والے کو پانچ ہزار ڈالرز انعام دیا جائےگا۔
جواں سال پاکستانی کے بہیمانہ قتل سے نیویارک میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی میں خوف ، پریشانی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور کمیونٹی نے پولیس اور سٹی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد قاتل کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے ۔
Cab driver noman saleemi murder new york