پاکستانی امریکن باڈی بلڈر فضل عباس ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ مقابلے کےلئے کوالیفائی
اس مقابلے میں اگر فضل عباس جیت جاتے ہیں تو وہ ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“بننے والے پہلے پاکستانی امریکن ہوںگے
نیویارک (اردو نیوز) پاکستانی امریکن باڈی بلڈر فضل عباس امریکہ میں باڈی بلڈنگ کے عالمی سطح پر منعقد ہونیوالے ایک بڑ ے مقابلے ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“(Mr Olympia Amateur) کے لئے کوالیفائی کر گئے ہیں۔ فضل عباس اس مقابلے کے لئے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی امریکن ہیں ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی “(PAYS) کی جانب سے فضل عباس کو ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ مقابلے سے قبل پہلی بار کمیونٹی میںمتعارف کروایا گیا ۔ یہ مقابلہ پانچ اکتوبر سے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں ہونے جا رہے ہیں ۔ اس مقابلے میں اگر فضل عباس جیت جاتے ہیں تو وہ ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“بننے والے پہلے پاکستانی امریکن ہوںگے۔تقریب میں فضل عباس اپنے والد محمد خان ، اہلیہ اور ٹریننگ پارٹنر کاشف کے ہمراہ شریک ہوئے ۔ پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کے احسن چغتائی، کاشف حسین ، زنیرہ احسن نے انہیں خوش آمدید کہا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل عباس نے کہا کہ میں پہلے بروکلین میں رہتاتھا ، پھر فیملی کے ساتھ لونگ آئی لینڈ منتقل ہو گیا۔ میں نے شروع میں باکسنگ کی ، پھر کرکٹ کھیلنا شروع کر دی ۔ اس دوران مجھے باڈی بلڈنگ کا شوق پیدا ہوا تو میںنے باڈی بلڈنگ میں اپنا مقام بنانے کا فیصلہ کیا ۔ الحمد للہ ، میں نے نیویارک سٹی اور پھر نیویارک سٹیٹ اور نیوجرسی سٹیٹ لیول کے مقابلے جیتے اور نیشنل لیول پر بھی گیا۔ اب الحمد للہ پانچ اکتوبر کو آرلینڈو شہر میں ہونیوالے ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ میں شرکت کے لئے جا رہا ہوں ۔ فضل عباس کا کہنا تھا کہ وہ اس مقابلے کےلئے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی امریکن ہیں اور اگر کامیاب ہو گئے (انشاءاللہ ) تو پہلے پاکستانی ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ بنیں گے اور پھر ان کا ہدف مسٹر اولمپیا ہوگا۔
فضل عباس کا کہنا ہے کہ مسٹر اولمپیا بننے کے ساتھ ساتھ ان کا ایک خواب یہ ہے کہ ”نیشنل فزیک کمیٹی “(این پی سی ) کے زیر اہتمام امریکہ میں ہونیوالے اس مقابلے کو پاکستان بھی لے کر جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باڈی بلڈنگ تو موجود ہے لیکن اگر این پی سی کے مقابلے پاکستان چلے جائیں گے تو پاکستانی باڈی بلڈرز کو بھی عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے مواقع مل جائیں گے اور وہ دنیا میں مقام بنا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہمیں اپنے وطن کےلئے بھی جو کچھ ممکن ہو ، کرنا چاہئیے ۔
فضل عباس کا کہنا ہے کہ وہ دن رات محنت کررہے ہیں ، ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ مقابلے کے لئے انہوں نے بہت محنت کی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ کسی اتھلیٹ سے نہیں ہوگا بلکہ میں ہر ممکن کوشش ہو گی کہ فیصلہ کرنے والے امپائر کو ثابت کر سکوں کہ میں ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ کےلئے اہل ہوں ۔ پانچ ، چھ اکتوبر کو مقابلے میں ، میں خود کو ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ ثابت کرنے کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کرونگا۔
فضل عباس کے والد محمد خان جو کہ چالیس سال قبل فیصل آباد (پاکستان) سے امریکہ منتقل ہو گئے ۔ وہ فیصل آباد میں کبڈی کے کھلاڑی اور کپتان بھی رہے ۔ محمد خان کا کہنا ہے کہ میرے چھ بیٹے ہیں ۔ ہم سب کام کرتے ہیں سوائے فضل عباس کے ۔ ہم سب مل کر فضل عباس کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور انہیں سپورٹ کرتے ہیں ۔ ہم نے فضل کو کہہ رکھا ہے کہ بس اپنی باڈی بلڈنگ اور اہداف پر توجہ مرکوز رکھو۔ انہوں نے کہا کہ آج فضل عباس جو کچھ بھی ہے ، اپنی محنت اور اپنی وجہ سے ہے ۔ ہم سب اس کے لئے ہمیشہ دعا گو رہتے ہیں ، اس کی ماں کے ہاتھ تو اس کے لئے دعا کرتے تھکتے نہیں ۔ محمد خان نے کہا کہ میں بھی ایک کبڈی کے کھلاڑی کی طرح اتھلیٹ رہا ہوں اور کھیل کے میدان میں نام اور مقا م بنانا بہت اچھا ہے ۔
فضل عبس کی اہلیہ جن سے ان کی حال ہی میں شادی ہوئی ، کا کہنا ہے کہ وہ پوری طرح اپنے شوہر کے ساتھ ہیں ۔ان کے کھانے بنانے اور دیگر کاموں میں ان کی ہر طرح سے مدد کرتی ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں کامیاب کرے ۔
احسن چغتائی جن کا فضل عباس سے شروع سے تعلق ہے اور وہ بروکلین میں ایک ساتھ بڑے ہوئے کا کہنا تھا کہ آج فضل عباس جس مقام پر پہنچا ہے ، اس پر پوری کمیونٹی کو فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ فض عباس ایک رول ماڈل ہے ۔ ہم نے اسے شروع دن سے دیکھ رہے ہیں ۔ فضل ہمیشہ اپنے مقام اور منزل تک پہنچنے کی جدوجہد میں مصروف رہتا تھا اور آج جس مقام پر پہنچا ہے ، فخر کی بات ہے کہ پہلا پاکستانی امریکن ہے کہ جو ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“مقابلے میں طبع آزمائی کرے گا۔
پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کے کاشف حسین اور زونیرہ چغتائی نے کہا کہ فضل عباس ، ہماری کمیونٹی کے لئے بالخصوص یوتھ کے لئے ایک رول ماڈل ہے ۔ کمیونٹی کو ان کے نقش قدم پر چلنا چاہئیے ۔ پوری کمیونٹی کے دعائیں ان کے ساتھ ہیں ۔
تقریب کے آخر میں فضل عباس نے بڈی بلڈنگ کے پوز بنا کر دکھائے ۔ تقریب میں موجود کمیونٹی کے مقامی قائدین او ر ارکان نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ فضل عباس ”مسٹر اولمپیا ایمے چئیور“ بن کر ملک و قوم اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کا نام روش کرے ۔