”نیویارک میں یوم سیاہ “ اقوام متحدہ کے سامنے کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
مشن یو ایس اے کے زیر اہتمام ہونے والے اس مظاہرے میں ڈاکٹرغلام نبی فائی، سردارسوار خان ، تاج خان ، سرامتیاز گڑالوی ، راجہ رزاق، امجد نواز، شاہد رانجھا، نسیم گلگتی سمیت دیگر کی شرکت
بھارتی ہٹلر نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کا فیصلہ بھی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ انشاءاللہ جلد کشمیر میں ظلم کی تاریک رات ختم ہو گی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا
نیویارک (خصوصی رپورٹ) مقبوضہ کشمیر پر 27اکتوبر1947کو بھارت کے غاصبانہ قبضے کے دن کے حوالے سے نیویارک میں یوم سیاہ منایا گیا اور اقوام متحدہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ کشمیر مشن یو ایس اے کے زیر اہتمام ہونے والے اس مظاہرے میں کشمیری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے قائدین ڈاکٹرغلام نبی فائی، سردارسوار خان ، تاج خان ، سردارامتیاز گڑالوی ، راجہ رزاق، امجد نواز، راجہ مختار،شیخ توقیر الحق،شاہد رانجھا، نسیم گلگتی ، سردارواجد خان،علی انور ، سردار محمود، مسز آمنہ تاج، سیمی اسد، مس فاطمہ ، حاجی شفیع سمیت دیگر کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
شدید بارش کے باوجود مظاہرے میں کمیونٹی ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے حق میں اور نریندر مودی سمیت بھارت کے خلاف نعر ے درج تھے ۔ مظاہرین تمام وقت نعرہ بازی بھی کرتے رہے ۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کے مقامی قائدین نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے سامنے کھڑے ہو کر مقبوضہ کشمیر کے اپنے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے حق میں ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ہٹلر نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کا فیصلہ بھی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ انشاءاللہ جلد کشمیر میں ظلم کی تاریک رات ختم ہو گی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
Black Day, Kashmir demonstration, UNO