بلاول بھٹو نے بھی الیکشن دھاندلی کے لئے پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر دیا، عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دینے کے ساتھ کڑا طنز بھی کیا
بلاول بھٹو کے خطاب کے دوران حکومتی بنچوں کی جانب سے آوازیں نہیں کسی گئیں اور نہ ہی مظاہرہ کیا گیا
اسلام آباد (اردو نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی شہباز شریف کے بعد الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن قائم کیا جائے تاکہ سچ سامنے آیا جائے۔ انہوں نے الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی بھی نشاندہی کی ۔
بلاول بھٹو کے خطاب کے دوران حکومتی بنچوں کی جانب سے آوازیں نہیں کسی گئیں اور نہ ہی مظاہرہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ عمران خان نے جو وعدے کئے ، وہ پورا کرتے ہیں یا نہیں ۔بلاول بھٹو نے اپنا زیادہ تر خطاب انگریز ی میں کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں معاشی، خارجہ اور داخلی پالیسیوں پر خطاب کیا۔بلاول بھٹو نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور کہا وہ سب کے وزیر اعظم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیر اعظم کی حیثیت سے عمران خان نفرت اور انتہا پسندی کی سیاست سے گریز کریں گے ۔