بائیڈن کا کورونا ویکسین کی 100ملین ڈوز لگانے کا ہدف حاصل
جو بائیڈن کی انتظامیہ نے حلف برداری کے بعد پہلے سو دن میں 10 کروڑکورونا ویکسین کی خوراکیں دینے کا ہدف اپنی مطلوبہ مدت سے 42 دن پہلے پورا کر لیا ہے
واشنگٹن (اردونیوز)امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے حلف برداری کے بعد پہلے سو دن میں 10 کروڑکورونا ویکسین کی خوراکیں دینے کا ہدف اپنی مطلوبہ مدت سے 42 دن پہلے پورا کر لیا ہے۔ امریکہ میں روزانہ ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں لگائی جا رہی ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر جو بائیڈن نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اگلے سو روز کے لیے کوروناویکسین کا نیا ہدف آئندہ ہفتے دیں گے، اور خیال ہے کہ وہ یہ ہدف بڑھا کر 200 ملین خوراکوں تک لے جا سکتے ہیں۔انہوں نے امریکی شہر اٹلانٹا کے دورے پر جاتے ہوئے رپورٹرز سے کہا کہ ہم شاید اسے دوگنا کرنے کے قابل ہوجائیں۔ان کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ کے پاس تین مختلف کمپنیوں کی منظور شدہ ویکسین کی اتنی مقدار ہے کہ پوری امریکی آبادی کو اگلے دس ہفتے میں ویکسین دی جا سکتی ہے۔وائٹ ہاو¿س نے کہا ہے کہ امریکہ اس وقت ایسی پوزیشن پر ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کینیڈا اور میکسیکو کو ویکسین کی لاکھوں خوراکیں پہنچا سکتا ہے۔