بزم میلاد مصطفی ﷺ نیویار ک کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد النبی ﷺ
محفل میلاد النبی کے اہتمام میں بیگم تسنیم قمر اور ساتھی خواتین نے خصوصی کردار اد ا کیا۔پاکستان کی مشہور ،ممتاز اور خوش الہان ثناءخوان جویریہ سلیم نے محفل میلاد میں خصوصی شرکت کی
نیویارک (اردو نیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی خواتین کی ایک نمائندہ تنظیم بزم میلاد مصطفی ﷺ نیویارک کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی یہاں ایڈریا ہوٹل میں نبی آخر الزمان، سرور کونین، آقائے د وجہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کے میلاد پاک کے سلسلے میں سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ منعقد کی گئی ۔نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا کی خواتین کے لئے منعقدکردہ اس محفل میلاد النبی کے اہتمام میں بیگم تسنیم قمر اور ساتھی خواتین نے خصوصی کردار اد ا کیا۔پاکستان کی مشہور ،ممتاز اور خوش الہان ثناءخوان جویریہ سلیم نے محفل میلاد میں خصوصی شرکت کی اور بار گاہ رسالت ﷺ میں اپنے مخصوص انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور محفل میںسماں باندھ دیا ۔
بزم میلاد مصطفی ﷺ کی محفل میلاد کے انعقاد میں کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مقامی اہم خواتین نے خصوصی شرکت کی جبکہ کمیونٹی کی خواتین ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بار گاہ رسالت میں گل ہائے عقیدت پیش کئے ۔
محفل میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا کہ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی بار گاہ میں جس قدر بھی ہدئیہ عقیدت پیش کیا جائے کم ہے اور ذکر مصطفی ﷺ کی برکات کا کوئی شمار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزم میلاد مصطفی ﷺ کی یہ خوش بختی ہے کہ انہیں ہر سال کی طرح اس سال بھی اس محفل پاک کے انعقاد کی سعادت حاصل ہوئی ۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام حاضرین اور شرکاءکی حاضری کو قبول فرمائیں اور اپنے حبیب ﷺ کے ذکر کی اس روحانی محفل کی برکات سے سب کو نوازیں ۔انہوں نے جویریہ سلیم سمیت تمام ثناءخوانان کا بھی شکرئیہ ادا کیا ۔
ثناءخوان جویریہ سلیم نے کہا کہ ان کے لئے بڑی سعادت اور اعزاز کی بات ہے کہ ذکر نبی کریم ﷺ ان کی پہچان ہے ۔انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنے گھروں اور محافل کو ذکر نبی کریم ﷺ سے سجایا کریں بالخصوص بچوں کو ان محافل کا حصہ بنائیں ۔
جویریہ سلیم نے اپنے مخصوص انداز میں آقائے دو جہاں کی شان میں ثناءخوانی کرکے محفل میں سماں باندھ دیا اور محفل نعرہ تکبیر ، نعرہ رسالت سے گونج اٹھی ۔محفل میں کمیونٹی کی دیگر مقامی خواتین نے بھی بار گاہ رسالت ﷺ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔آخر میں خصوصی دعا کی گئی اور بزم میلاد مصطفی کی جانب سے شرکاءکے اعزازمیں عشائیہ دیا گیا اور سب کو ماہ ربیع الاول نصیب ہونے پر مبارکباد دی گئی ۔
Bazam e Milad e Mustafa New York organizes Mahfal e Milad un Nabi (SAW) in New York