بازہ روحی کےلئے نیویارک سٹی میں ”لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“
Bazah Roohi receives 'Lifetime Achievement Award' in NYC from Public Advocate Jumaane Williams at a prestigious Brooklyn Borough Hall event

بازہ روحی کو ایوارڈ نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کی جانب سے بروکلین بورو ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں دیا گیا
نیویارک ( محسن ظہیر ) نیویارک سٹی میں خواتین کے حقوق اورمینارٹی کے حقوق کے لیے سرگرم پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی شخصیت اور ”امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن“(اے سی ایم ڈبلیو) کی چیئرپرسن بازہ روحی کو نیویارک سٹی کے اعلیٰ ترین اعزاز ”لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کی جانب سے بروکلین بورو ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں دیا گیا۔ تقریب میں نیویارک سٹی کے سپیکر ایڈرئین ایڈمز نے کلیدی مقرر کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب میں ”اے سی ایم ڈبلیو“ کے اہم ارکان ام کلثوم بٹ، یاسمین حمید، ارم شیریں، عمران قاسم، احمد لطیف اور فرحان شیخ بھی موجود تھے۔
بازہ روحی کو یہ ایوارڈ ان کی تین دہائیوں پر محیط بے مثال سماجی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ انہوں نے 1998 میں امریکہ منتقل ہونے کے بعد پاکستانی اور امریکی خواتین کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور فلاح کے لیے ”امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن“ کی بنیاد رکھی۔ یہ تنظیم جولائی 2005 میں اقلیتی کمیونٹیز کی خواتین کی نمائندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی۔ بازہ روحی نے پاکستان میں خواتین کے حقوق اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی معروف تنظیموں بشمول عورت فاو¿نڈیشن، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور دیگر اداروں کے ساتھ قریبی روابط قائم کیے اور خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے دیگر معاملات کو بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کیا۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر سنی کینٹن کی استقبالیہ تقریر سے ہوا جس کے بعد معروف موسیقار اور روحانی رہنما ریورنڈ ڈاکٹر ایرک بی ٹرنر نے خصوصی نغمہ پیش کیا۔ تقریب کے دوران نیشنل یوتھ پوئٹ لوریٹ اسٹیفنی پاچیکو نے نظم پیش کی، جبکہ نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر ایڈرئین ایڈمز نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے بازہ روحی کی خدمات کو سراہا اور ایوارڈ حاصل کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔ پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز اور بروکلین بورو کے صدر انتونیو رینوسو نے بازہ روحی کو ایوارڈ اور تعریفی اسناد پیش کیں۔
تقریب کے اختتام پر پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز نے شکریہ کے کلمات ادا کیے اور شرکاءکے لیے ریفریشمنٹ اور نیٹ ورکنگ کا اہتمام بھی کیا گیا۔
Bazah Roohi receives ‘Lifetime Achievement Award’ in NYC from Public Advocate Jumaane Williams at a prestigious Brooklyn Borough Hall event