تحریک انصاف نے سائلین کو انصاف فراہم کرنے کےلئے کوئی اصلاحات نہیں کیں ، عائشہ جاوید
حکمران قومی وسائل میں نقب لگانا اوربیچارے عوام پربوجھ ڈالنابندکردیں،عائشہ جاوید
لاہور (اردونیوز)سیاسی وسماجی شخصیت اور سابقہ ممبرپنجاب اسمبلی عائشہ جاویدنے کہا ہے کہ ایوا ن اقتدار میں کوئی نام نہاد ہمدردعوام کادرد محسوس نہیں کرتا۔تحریک انصاف کی طرف سے تین سال میں سائلین کوانصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کسی قسم کی اصلاحات نہیں کی گئیں۔ معاشرے کا ہرطبقہ حکومت کی نااہلی سے بری طرح متاثر ہوا ہے ۔حکمران قومی وسائل میں نقب لگانا اوربیچارے عوام پربوجھ ڈالنابندکردیں۔انتخابی مہم کے دوران عوام سے وعدے کرنیوالے کرداراقتدارمیں آنے کے بعد اپناکوئی وعدہ وفاکرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔اپنے ایک بیان میں عائشہ جاوید نے مزید کہا کہ عام آدمی مسلسل ہوشربا مہنگائی کے بوجھ تلے پس اوراس کادم گھٹ رہا ہے۔حکمران اپنی مراعات میں کمی اور شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کیوں نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ عوام پربار بارپٹرول اوربجلی بم گرنے سے ان کادم نکل جائے گا۔پاکستانیوں پران کی قوت برداشت سے زیادہ بوجھ ڈالنا کہاں کی انسانیت اورگڈگورننس ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کے ساتھ ساتھ معاشرت کاجنازہ بھی اٹھ گیاہے ،ریاستی نظام میں توکوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم ہماری معاشرتی قدریں ضرور بدل گئی ہیں۔خواتین اوربچے چاردیواری کے اندر اورباہر محفوظ نہیں رہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حاکمیت کے بغیر جمہوریت کواستحکام اوردوام نصیب نہیں ہوگا۔