پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف رحمان کےلئے ستارہ امتیاز کا اعلان
”اپنا “تنظیم کے سابق سنٹرل پریذیڈنٹ ڈاکٹرآصف رحمان کو 23 مارچ کو یوم جمہوریہ پاکستان پر ستارہ امتیاز دیا جائےگا
نیویارک (اردو نیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتازسماجی شخصیت اور امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم ”اپنا “کے سابق صدر اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے سیکریٹری ڈاکٹر آصف الرحمان کو اعلیٰ کارکردگی پرحکومت پاکستان نے ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہیں 23 مارچ یوم جمہوریہ پاکستان پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں یہ ایوارڈ دیا جائےگا۔صدر پاکستان عارف علوی ڈاکٹر آصف رحمان سمیت 127 اعلی شخصیات کو اعزازات سے نوازیں گے۔ڈاکٹرعاصم ملک ، ڈاکٹر افضل ملہی ، مدثرچوہدری ، سرورچوہدری سمیت ان کے دوست احباب اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے ڈاکٹرآصف رحمان کو ستارہ امتیاز کے لئے انتخاب پر انہیں مبارکباد دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ ان کےلئے ہی نہیں بلکہ اوورسیز کمیونٹی کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے کہ ان کے ایک رکن کی خدمات کو پاکستان میں قومی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے ۔ڈاکٹرآصف رحمان کو کہنا ہے کہ ان کےلئے ستارہ امتیاز کا حصول بڑے اعزاز کی بات ہے ۔