پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ (ہیومین رائٹس ونگ) کے صدر ارشد عطاءکا خالد اعوان کے اعزاز میں استقبالیہ
استقبالیہ میں پیپلز پارٹی (ہیومین رائٹس ونگ ) امریکہ کے صدر سلمان ظفر ، ڈاکٹرسلمیٰ کوثرسمیت دیگر کی شرکت، خالد اعوان کی ارشد عطاءکو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
نیویارک (اردو نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (ہیومین رائٹس ونگ) نیویارک سٹیٹ کے صدر ارشد عطاءکی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی یوایس اے کے پریذیڈنٹ خالد اعوان کے اعزاز میں یہاں کباب جی ریسٹورنٹ ، لانگ آئی لینڈ میں پرتکلف استقبالیہ دیا گیا ۔ استقبالیہ میں پاکستان پیپلز پارٹی (ہیومین رائٹس ونگ ) یو ایس اے کے پریذیڈنٹ سلمان ظفر ، پیپلز پارٹی امریکہ کی سیکرٹری جنرل سیمی اسد ، ڈاکٹرسلمیٰ کوثر (پاکستان)کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ۔
ارشد عطاءنے خالد اعوان اور پارٹی ساتھیوںو دیگر مہمانوں کو عشائیہ میں خوش آمدید کہا۔ ارشد عطاءنے پاکستان پیپلز پارٹی (ہیومین رائٹس ونگ )نیویارک سٹیٹ کے صدر کی ذمہ داریاں دینے پر خالد اعوان اور سلمان ظفر کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ، وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اعلیٰ جمہوری روایات اور انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے روش تاریخ کی حامل جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی امریکہ کے پلیٹ فارم سے ہم نیویارک سٹیٹ میں پارٹی کی اعلیٰ روایات کو آگے بڑھائیں گے اور پارٹی کی اقدار سے امریکہ عوام میں بھی آگاہی پیدا کریں گے ۔
خالد اعوان نے ارشد عطاءکی جانب سے استقبالیہ کے اہتمام ، پذیرائی کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ارشد عطاءپر فخر ہے کہ جنہوں نے مختصر وقت میں پارٹی جوائن کرنے کے بعد پارٹی میں اپنا مقام بنایا اور بتایا کہ نظریاتی کارکنوں کو موقع دیا جائے تو وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی مرکز و محور ہی انسانی و بنیادی حقوق کی پاسداری ہے ۔ پیپلز پارٹی نے بنیادی انسانی ، سیاسی ، جمہوری حقوق کے لئے جو جدوجہد کی ، اس کی اقوام عالم میں بہت کم مثالیں ملتی ہیں ۔اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ اس جدوجہد کے کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص بھٹو خاندان نے جو قربانیاں دیں ، اس کی دنیا میں مثال ملنا مشکل ہے ۔
امریکہ میں پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہم انسانی حقوق کی پاسداری کی اعلیٰ روایات کو آگے بڑھائیں گے اور توقع ہے کہ سلمان ظفر اور ارشد عطاءجیسے ساتھیوں کے ہوتے ہوئے اس شعبے میں پارٹی گرانقدر خدمات انجام دے گی ۔
پاکستان پیپلز پارٹی (ہیومین رائٹس ونگ ) امریکہ کے صدر سلمان ظفر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ارشد عطاءکی قیادت میں نیویارک سٹیٹ میں پارٹی کا ہیومین رائٹس ونگ ، اپنا کردار موثراور فعال انداز میں ادا کرے گا۔
پیپلز پارٹی امریکہ کی سیکرٹری جنرل سیمی اسد نے کہا کہ انسانی حقوق کی جدوجہد میں پاکستان پیپلز پارٹی کو دنیا نے ہمیشہ صف اول میں کھڑے دیکھا اور اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ اس مقصد کے لئے پارٹی نے بڑی سے بڑی قربانی سے گریز نہیں کیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھیوں کی جانب سے میں ارشد عطاءکو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہوں اور انشاءاللہ اس مقصد میں ہم ہیومین رائٹس ونگ کے شانہ بشانہ مل کر کام کریں گے ۔