نیویارک میں پاکستانی فیملی کے گھر دن دیہاڑے ڈکیتی
دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں ملوث چارنقاب پوش ڈکیت 35ہزار ڈالرز نقدی اور 45ہزار ڈالرز مالیت کے زیورات لوٹ کر فرارہونے میں کامیاب ہو گئے
نیویارک (اردو نیوز ) نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک پاکستانی فیملی کے فوسٹرایونیو کے قریب واقع گھر پر 14فروری کو دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں واردات میں ملوث چارنقاب پوش ڈکیت 35ہزار ڈالرز نقدی اور 45ہزار ڈالرز مالیت کے زیورات لوٹ کر فرارہونے میں کامیاب ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو گھر پر موجود 39سالہ خاتون سکول سے بچی کو لے گئی اور جب واپس گھر پہنچیں تو چارمسلح نقاب پوش افراد پہلے ہی گھر میں گھس کر چھپے ہوئے تھے ۔ انہوں نے گن پوائنٹ پر گھر میںموجود نقدی اور زیورات حاصل کئے اور گھر میں موجود افراد کو باتھ روم میں لاک کیا اور انہیں دھمکی دی کہ ان کے جانے کے بعد کوئی اقدام نہ کیا جائے ۔نوے ہزار ڈالرز مالیت کی اس ڈکیتی کے ساتھ چاروں مسلح افراد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
پولیس نے دن دیہاڑے کی جانیوالی اس واردات کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور اہل محلہ سمیت شہریوں سے کہا ہے کہ کسی کو اس واردات کے بارے میں کوئی معلومات ہو تو پولیس کو اطلاع کریں۔دن دیہاڑے ڈکیتی کی اس واردات کے بعد کمیونٹی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔
بروکلین سمیت نیویارک بھر میں رہنے والی کمیونٹی کو بھی چوکنا رہنا چاہئیے۔ اپنے گھروں کی سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کروانے چاہئیے ،جہاں مناسب ہو سیکورٹی کیمرے نصب کروانے چاہئیے اور اپنی نقل و حرکے کے بارے میں بھی محتاط رہنا چاہئیے ۔