”اپنا بروکلین کمیونٹی سنٹر“ کے زیر اہتمام عظیم الشان یوم آزادی پاکستان
نیپچون ایونیو ، برائٹن بیچ بروکلین کے علاقہ میں ”لٹل پاکستان “ کا منظر پیش، فضاءپاکستان زندہ آباد اور قومی ترانوں سے مسلسل گونجتی رہی ، قونصل جنرل اور منتخب امریکی قائدین کی شرکت
نیویارک میں کورونا وائرس وبا کے خاتمے کے بعد بڑائٹن بیچ جہاں اب پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بستی ہے ، پر یوم آزادی پاکستان کی تقریب میں بچوں، خواتین اور بڑوں کی ریکارڈ تعداد میںشرکت
سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے ڈیزائن کردہ فلوٹ تقریب کے شرکاءکے علاوہ مقامی امریکی شہریوں کی توجہ کا بھی مرکز بنا رہا ، تقریب کے انعقاد میں پرویز صدیقی ، شازیہ وٹو اور ارم حنیف کا اہم کردار
مہمان خصوصی پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی ،یو ایس کانگریس مین حلیم جیفری ، بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز، کمپٹرولر نیویارک سکاٹ سٹنگر، اسمبلی وومین میتھائڈ فرنٹوس،ڈسٹرکٹ لیڈر ایری کیگن کی شرکت
قاری حبیب اللہ نے تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا، قومی ترانے پڑھے گئے ، اپنا سنٹر پر بہت بڑے سائز کو سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا، بچوں اور خواتین نے قومی نغمے گا ئے ،عابد کاشمیری کی پرفارمنس
پرویز صدیقی نے اپنا سنٹر کی جانب سے مہمانان خصوصی اور شرکاءکو خوش آمدید ، شازیہ وٹو نے مہمانان خصوصی کو گلدستے پیش کئے، ارم حنیف نے نظامت کی ، پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا
آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں کہ جو اس نعمت سے محروم ہیں، عائشہ علی ، امریکہ میں سب کمیونٹیز ، رنگ و نسل کے لوگ ملکر رہتے ہیں، سب کو ملکر اعلیٰ اقدار کو فروغ دینا ہے، کانگریس مین جیفری
پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی پاکستان پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز، کمپٹرولر نیویارک سکاٹ سٹنگر، اسمبلی وومین میتھائڈ فرنٹوس،ڈسٹرکٹ لیڈر ایری کیگن کے خطابات
تقریب میں کیپٹن عدیل رانا،لیفٹیننٹ ضیغم عباس ، اسلم ڈھلوں،محمد کریم وٹو،نسیم گلگتی، افتخار بٹ، اطہر ترمذی اور اسد چوہدری، انور معمرکے علاوہ امیدواران سٹی کونسل کی بھی شرکت
نیویارک(اردونیوز) نیویارک کے علاقے برائٹن بیچ بروکلین میں پاکستانی سمیت دیگر امیگرنٹ کمیونٹیز کےلئے گرانقدر خدمات انجام دینے والے ادارے” اپنا بروکلین کمیونٹی سنٹر“ کے زیر اہتمام اس سال بھی یوم آزادی پاکستان پر عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی کے علاوہ اہم امریکی قائدین ، کمیونٹی شخصیات اور ارکان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔کورونا وائرس وبا کے بعد یہ برائٹن بیچ ایریا پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کا ایک بڑا عوامی اجتماع تھا تاہم ایس او پیز اور حکومتی گائیڈ لائینز پر عمل کیا گیا۔پروگرام کے انعقاد میں اپنا سنٹر کے پرویز صدیقی ، شایہ وٹو اور ارم حنیف سمیت ان کی ٹیم نے کلیدی کردار ادا کیا اور نیپچون ایونیو ، برائٹن بیچ پر ”لٹل پاکستان“ کا منظر پیش کر دیا ۔
واضح رہے کہ پرویز صدیقی، شاذیہ وٹو اور ارم حنیف کی قیادت اور رہنمائی میں ٹیم اپنا بروکلین کمیونٹی سنٹرخدمات کے حوالے سے بہتر سے بہتر اور پروگراموں کی انعقاد کے سلسلے خوب سے خوب تر کی جستجو میں رہتا ہے۔ایسا ہی پروگرام پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقد ہوا ۔اس غیر معمولی اور تاریخ ساز پروگرام کے انعقاد میں اپنا کی ٹیم نے پرویز صدیقی،شاذیہ وٹو اور ارم حنیف کی قیادت میں جانفشانی سے کام کیا۔یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقد کئے جانیوالے اس پروگرام میں سٹیج و پاکستانی جھنڈوں اور بانیان پاکستان کی تصویروں سے مزین کیا گیا تھا۔سبز ہلالی پرچم کے رنگ ہر طرف نمایاں تھے۔
پروگرام میں یوایس کانگریس مین حکیم جیفریز،بروکلین بورو کے صدر ایرک ایڈمز،نیویارک سٹی کمپٹرولر سکاٹ سٹرنگر،اسمبلی وومین میتھائڈ فرنٹوس،ڈسٹرکٹ لیڈر ایری کیگن کے علاوہ نیویارک سٹی کے مئیر کی نمائندہ ماریہ مارکھ،یو ایس سیینسس 2020کے نمائندہ عبداللہ حسن،کمانڈنگ آفیسر کیپٹن عدیل رانا،لیفٹیننٹ ضیغم عباس سمیت دیگر مہمانان خصوصی بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہمم شخصیات چوہدری اسلم ڈھلوں،محمد کریم وٹو،نسیم گلگتی، افتخار بٹ، امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے اطہر ترمذی اور اسد چوہدری،اکنا ریلیف کے انور معمر،پاکستان ٹی وی اور فلم کے سابق فنکار عابد کشمیری،ٹوائز فار ٹوٹ کے برائن گوٹ لیٹ شامل سمیت پاکستانی کمیونٹی کے بچوں ، خواتین ، بڑوں اور بوڑھوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سٹی کونسل کےلئے متعدد امیدواران اسٹیفن پارٹزر،امبر ایڈلر،ڈمپل ولابس اور باروس نوبل بھی شریک ہوئے ۔
پرویز صدیقی نے اپنا بروکلین کمیونٹی سنٹر کی جانب سے مہمانان خصوصی اور شرکاءکو یوم آزادی پاکستان کی تقریب میں خو ش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بروکلین سمیت امریکہ بھر میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی وطن سے دور یوم آزادی منا کر بانیان پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا گو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بسنے والی کمیونٹی کو بھی اپنے عمل و کردار سے ملک و قوم کا نام روشن کرنا چاہئیے ۔
شازیہ وٹو نے قونصل جنرل عائشہ علی،کانگریس مین حکیم جیفریز،بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز اور اسمبلی وومین میتھائڈ فرنٹوس کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور انہیں تقریب میں خوش آمدید کہا۔
ارم حنیف جنہوں نے نظامت کے فرائض انجام دئیے کا کہنا تھا کہ برائٹن بیچ ، بروکلین میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک بڑی تعدادآباد ہے ۔اپنا بروکلین سنٹر، کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لئے ایسے پروگرام ترتیب دیتا ہے تاکہ کمیونٹی اپنے کلچر اور اقدار کی یہاں عکاسی کر سکیں ۔ارم حنیف نے بتایا کہ کس طرح اپنا کی ٹیم نے بڑی محنت اور جذبے کے ساتھ پروگرام کی تیاری کی۔
یوم پاکستان کی اس تقریب کی مہمان خصوصی پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی تھیں جنہوں نے پرویز صدیقی، شازیہ وٹو اور ارم حنیف سمیت ٹیم اپنا سنٹر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برائٹن بیچ انہوں نے کہ آزادی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ہم آج کے دن ان لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے علیحدہ وطن کے قیام کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔عائشہ علی نے اپنے خطاب میں پاک امریکہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور یہ مزید مستحکم ہونگے۔انہوں نے کووڈ۔19 کے دوران اپنا کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہ آپ لوگوں نے سینکڑوں افراد کو خدمات فراہم کی ان اور اپنا کردار زبردست طریقے سے انجام دیا اسکے لئے آپ سب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
کانگریس مین حکیم جیفریز نے کہا کہ وہ اپنا بروکلین کمیونٹی سنٹر کی خدمات سے بے حدمتاثر ہیں،اپنا سنٹر علاقے کے عوام کی بے لوث خدمت کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ڈائیورس حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا یہاں سیاہ فام بھی ہیں اور سفید فام بھی، مسلم بھی ہیں جیوش و کرسچیئن بھی غرض مختلف رنگ و نسل کے لوگ ہیں جو مل کر ایک قوم بناتے ہیں جو امریکہ کہلاتا ہے اور یہی ڈائیورسٹی امریکہ کی خوبی ہے اور اس عظیم ملک کی عظمت کا راز بھی۔کانگریس مین جعفری نے مزید کہا کہ انہیں پرویز صدیقی سے دوستی پر فخر ہے، انکی قیادت میں اپنا بہترین خدمات انجام دے رہاہے۔
بروکلین بورو کے صدر ایرک ایڈمز جو کہ سبز رنگ کے پاکستانی روایتی شلوار قمیض میں ملوس ہو کر آئے تقریب میں سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے اور انہوں نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ کانگریس مین حکیم جیفریز،سٹی کمپٹرولر سکاٹ سٹرنگر، اسمبلی وومین ڈاکٹر میتھائڈ فرنٹوس اور دیگر منتخب افراد کے ہمراہ اپنا بروکلین کمیونٹی سینٹر کے پلیٹ فارم سے پاکستان کا 73 واں جشن آزادی منارہے ہیں۔ بورو پریذیڈنٹ نے کہا کہ یہ دن منانے کا مطلب ہے کہ ہم سب ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں ہم اپنی خوشی غمی ایک دوسرے سے شئیر کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کی مدد سے اس بورو، اس نیویارک شہر اور اس ملک امریکہ کو عظیم تر بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ کی خوبی ہے اسکی عظمت ہے کہ یہاں ہر کلچر اور مذہب کے لوگ اپنے کلچر اور رسومات کو آزادی اور جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ یہ بات امریکہ کو سب سے ممتاز کرتی ہے۔ایرک ایڈمز نے اپنا سنٹرکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیغام دیا کہ وہ اپنی عظیم خدمات جاری رکھے۔
نیویارک سٹی کمپٹرولر سکاٹ سٹنگر نے امریکی پاکستانیوں کو پاکستان کے قیام کی 73ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کا نیویارک کی معیشت اور سماجی نظام میں بہت اہم کردار ہے۔اس موقع پر انہوں نے اپنی نمائندہ عالیہ لطیف کی تعریف کی جن کے ذریعے وہ پاکستانی کمیونٹی سے قریبی رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔
اپنا کے بانی سربراہ پرویز صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ آج ہم سب اپنے آبائی وطن پاکستان کی آزادی کا جشن منارہے ہیں۔برائٹن بیچ کی کمیونٹی اپنے بچوں اور فیملی کے ہمراہ روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ یہاں موجود ہے۔ہم سب کے لئے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ ہمیں ایک ملک پاکستان ملا جہاں ہم آزادی کے ساتھ ترقی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا امریکہ میں آکر بھی ہم پاکستان کو نہیں بھولے جو ہماری روح اور دل و دماغ میں پیوست ہے۔پاکستان کے لئے ہماری محبت کم نہیں ہوگی بلکہ بڑھتی جائے گی۔آج ہمارے ساتھ کانگریس مین حکیم جیفریز، قونصل جنرل عائشہ علی،بروکلین بورو کے صدر ایرک ایڈمز،سٹی کمپٹرولر اسکاٹ سٹرنگر،اسمبلی وومین ڈاکٹر میتھائڈ فرنٹوس اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کرکے اس تاریخ ساز ایونٹ کو چار چاند لگا دئے۔انہوں نے کہا کہ اپنے وطن کی آزادی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے کشمیری بھائی بہنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو اس عظیم نعمت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کوروناکے ذریعے اللہ تعالیٰ نے ہم سب کو دکھایا کہ تین مہینے ہم کس طرح لاک ڈاو¿ن میں رہے اندازہ کریں، وہاں لوگوں کا کیا حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کانگریس مین حکیم جیفریز کو کشمیریوں کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے کہ وہ کس اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں، اقوام متحدہ اس مسئلہ پر کچھ نہیں کرسکتی ،امریکہ کو قدم اٹھانا پڑے گا۔
اسمبلی وومین ڈاکٹر فرنٹوس اور سٹی کمپٹرولر سکاٹ سٹرنگر نے بھی خطاب کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔
تقریب سے چوہدری اسلم ڈھلوں،کریم وٹو،نسیم گلگتی ، عابد کاشمیری اورانور معمر سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکبا دی ۔
اپنا یوتھ کی فاطمہ عابد نے پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد کرنے اور عظیم مملکت کے حصول کے لیے قربانیاں دینے والوں کو اپنی تقریر کے دوران شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں المصطفی اسلامک سنٹر بروکلین کے امام و خطیب قاری حبیب اللہ نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔ترقیب میںتین سو زائد افراد نے شرکت کی۔بچوں نے خوبصورت انداز میں باقاعدہ پرفارم کرتے ہوئے ملی نغمے پیش کئے،بچوں کو اپنا سینٹر کی عالیہ جمیل نے تیار کروایا تھا،انکی ڈائریکشن میں بچوں نے ٹیبلو پیش کیاجسے شرکاءنے بہت سراہا۔اس موقع پر تین سو سے زائد کھلونے اور تازہ کھانوں کے 600 سے زائد پیکٹس بھی تقسیم کئے گئے۔شور فرنٹ ٹوائز فار ٹوٹس، شازیہ فارمیسی اور ہیلتھ ویز فارمیسی نے کھلونے مہیا کئے۔پاکستان کی سالگرہ کا بھی کیک بھی کاٹا گیا۔
ارم حنیف نے میڈیا نمائندگان محسن ظہیر،ایم آر فرخ، صمد حسین،کاوش کے میر صاحب کا کیوریج کے لیے خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں شازیہ وٹو نے معزز مہمانوں اورکمیونٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ پرویز صدیقی نے ٹیم اپنا، اپنایوتھ اور والنٹیرز کو کامیاب ترین پروگرام کے انعقاد پر کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔پالستانی جھنڈوں اور بانیان پاکستان کی تصاویر سے مزین فلوٹ کو سٹیج کی شکل دی گئی تھی۔ اپنا بروکلین کمیونٹی سنٹرکے آفس کے باہر پاکستان کا قد آدم پرچم سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔بروکلین بورو ہال کی جانب سے اپنا سنٹر کو” پروکلے میشن“ اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں ۔