نیویارک میں APAGکا کرسمس اور نئے سال کی آمد پر نیویارکرز میں تحائف تقسیم
معاشی مشکلات کے شکار نیویارکرز کی مدد میں APAGجیسی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیمیں خدمات خلق میں پیش پیش رہیں اور ان کے اچھے کام اب نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی پہچان بنتے جا رہے ہیں
نیویارک (اردونیوز )امریکہ میں ماہ دسمبر کا آخری عشرہ کرسمس اور نئے سال کی آمد کے حوالے سے ”ہالیڈے سیزن“ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ اس دوران تحائف کے تبادلے ساتھ خوشیاں بھی بانٹی جاتی ہیں ۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم نمائندہ تنظیم ”امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ“ (اے پیگ) کی جانب سے معاشی مشکلات کے شکار نیویارکرز میں ہالیڈے سیزن میں جہاں اشیائے خوردو نوش تقسیم کی گئیں تو اس موقع پر ”ہالیڈے سیزن “ کے حوالے سے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے
علی رشیداور انکے ساتھیوں کے زیر اہتمام رچمنڈ ہلز کے علاقے میں ”ہالیڈے فوڈ اینڈ ٹوائے ڈرائیو“ میںبڑی تعداد میں لوگوں اور بچوں میں اشیائے خوردو نوش اور تحائف تقسیم کئے گئے ۔ اس ڈرائیو میں کوئینز بورو پریذیڈنٹ ڈونو وین رچرڈ ، اسمبلی مین ڈیوڈ ویپنر، سٹی کونسل کی آئندہ سپیکر ایڈرئین ایڈمز کی نمائندہ کیتھرائن اور امام ظفیر علی نے بھی خصوصی شرکت کی اور ٹیم APAGاور سانٹا کلاز کے ساتھ مل کر لوگوں میں اشیاءاور تحائف تقسیم کئے ۔
بورو پریذیڈنٹ ڈونو وین ، اسمبلی مین ویپنر اور امام ظفیر علی کی جانب سے APAGکی خدمات خلق کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا
امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ کے علی رشید اور ٹیم ممبرز کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے اور ہالیڈے سیزن خوشیاں منانے کا ہی نہیں بلکہ خوشیاں بانٹنے کا بھی نام ہے ۔
نیویارک میں کورونا وبا کے دوران معاشی مشکلات کے شکار نیویارکرز کی مدد میں APAGجیسی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیمیں خدمات خلق میں پیش پیش رہیں اور ان کے اچھے کام اب نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی پہچان بنتے جا رہے ہیں۔