پاکستانخبریں

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ سے22ستمبر کو خطاب کریں گے

وزیر اعظم کاکڑ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے اہم مقاصد کے حوالے سے پاکستان کے عالمی کردار، مسلہ کشمیر ، خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے

نیویارک (محسن ظہیر سے ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور پاکستانی سفارت خانے اور مشن کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کی آمد سے قبل وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی پہلے ہی نیویارک پہنچ گئے ہیں ۔

وزیر اعظم کاکڑ 22ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے جس میں وہ اقوام عالم کے سامنے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے اہم مقاصد کے حوالے سے پاکستان کے عالمی کردار، مسلہ کشمیر ، خطے کی صورتحال ، اسلامو فوبیا سمیت اہم امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے ۔
وزیر اعظم کاکڑ جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائینز پر دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان حکومت ، وزراءخارجہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔وزیر اعظم کے علاوہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائینز پر اہم ممالک کے وزراءخارجہ سمیت اہم عالمی قائدین سے ملاقاتیں کررہے ہیں ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پائیدار ترقی کے اہداف کو پیش نظر رکھتے ہوئے ، پاکستان جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران عالمی فنانسنگ ، سرمائیہ کاری اور معاشی سپورٹ کے مواقع کے حصول کی ہر ممکن کوشش بھی کرے گا۔

Related Articles

Back to top button