”آمنا“ کے زیر اہتمام میلاد النبیﷺ کانفرنس،حلقہ رومی و اقبال کا افتتاح اور محفل سماع
ہمارے بچے جب تک اپنی تہذیب اور دین سے صحیح طور پر متعارف نہیں ہوں گے تب تک انکی تربیت مکمل نہیں ہو گی، وہ معصومانہ انداز سے ہی سہی مگر لادینیت اور گمراہی کاشکار ہو سکتے ہیں،قاری غلام رسول
ایسوسی ایشن آف مسلم امریکنز آف نارتھ امریکہ (آمنا) کے زیر اہتمام سٹیٹن آئی لینڈ میں منعقدہ تقریب کے پہلے مرحلے میں میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے قاری غلام رسول قادری کا خصوصی خطاب
دوسرے مرحلے میں ڈاکٹر عبدالرحمان عبد کی جانب سے علامہ اقبال اور مولانا جلال الدین رومی کی تعلیمات کے فروغ کے لئے حلقہ رومی و اقبال (حرا) تنظیم کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا
”حرا“ کے نام سے قائم کی جانیوالی تنظیم کے قیام کامقصد مولانا محمد جلال الدین رومی اور علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شاعری میں موجود تعلیمات اور ان کے فیض کو عام کرنا ہوگا،ڈاکٹر عبدالرحمان عبد
محفل سماع میں پاکستان سے خصوصی طور پر آنے والے قوال حمزہ اکرم اور ہمنوا نے نعتیہ اور صوفیانہ کلام اپنے مخصوص انداز میں پیش کرکے خوب داد وصول کی ،کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان کی شرکت
نیویارک(اردو نیوز) ایسوسی ایشن آف مسلمز آف نارتھ امریکہ(آمنا)کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی سٹیٹن آئی لینڈ میںمیلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں نبی آخر الزمان ، سرور کونین حضرت محمد مصطفیﷺ کا میلاد منایا گیاا ورآپ کی تعلیمات و احکامات کے اہم پہلوو¿ں پر روشنی ڈالی گئی ۔ڈاکٹر عبدالرحمان عبد، قاری غلام رسول قادری ، ڈاکٹر سہیل مظفر سمیت ان کے ساتھیوں کے زیر اہتمام اس سالانہ تقریب میں کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات او ر کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
قاری غلام رسول قادری نے میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ پوری انسانیت اور کل کائنات کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے ۔اس لئے سرکار کی آمد کی خوشیاں ہر کوئی مناتا ہے اور ان خوشیوں کو منانے کا مقصد اللہ تعالیٰ کی نعمت عظیم کا شکر ادا کرنا ہے اور یہ عزم کرنا ہے کہ ہم سرکار کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں سرخرو ہونگے ۔قاری غلام رسول نے مزید کہا کہ اگلی نسلوں کی صحیح تربیت ہمارا فریضہ ہے۔ اس معاشرے میں پیدا ہونے اور پلنے بڑھنے والے ہمارے بچے جب تک اپنی تہذیب اور اپنے دین سے صحیح طور پر متعارف نہیں ہوں گے تب تک ان کی تربیت مکمل نہیں ہو گی اور وہ معصومانہ انداز سے ہی سہی مگر لادینیت اور گمراہی کاشکار ہو سکتے ہیں۔
تقریب کے دوسرے مرحلے میں ”آمنا“ کے چئیرمین ڈاکٹر عبدالرحمان عبد نے دنیائے اسلام کے عظیم فلسفی شعراءکرام مولانا جلال الدین رومی اور علامہ محمد اقبال کی تعلیمات و افکار کے فروغ کے لئے حلقہ رومی و اقبال (حرا) کے نام سے تنظیم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔اس موقع پر تین شمعین روشن کی گئیں جن میںمقامی علماءکرام نے ان کا ساتھ دیا ۔
ڈاکٹر عبدالرحمان عبد نے کہا کہ نسلین صرف زمانے کی جدت میں گم ہو گئیں تو دین اسلام کی روح سے دور ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ، مولانا جلال الدین روم کو اپنا پیر و مرشد مانتے ہیں ۔ مولانا جلال الدین روم نے جو افکار فارسی میں بیان کئے، انہی افکار کی جھلک ہمیں اقبال کے کلام میں بھی ملتی ہے ۔ دونوں نے حقیقی عشق یعنی کے عشق الٰہی پر زور دیا ہے ۔ہم اور ہماری آنیوالی نسلوں کو دنیا و آخرت عشق الٰہی میں ڈوب کر سنوارنی ہو گی ۔ اس سلسلے میں حلقہ رومی و اقبال ، مولانا جلال الدین رومی اور علامہ اقبال کی تعلیمات کو امریکہ اور جواں سال اور آنیوالی نسلوں میں فروغ کے لئے اپنا کردار ادا رے گا۔
ایسوسی ایشن آف مسلمز آف نارتھ امریکہ(آمنا) کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی موضوعاتی تقاریر ، حمدو نعت اور عشائیے کے بعد ایک بابرکت محفل سماع( قوالی ) کا اہتمام کیاگیا جس میں پاکستان سے آئے نامور قوالی گروپ (حمزہ اکرم اور ہمنوا) نے نعتیہ کلام پیش کیا اور خوب داد وصول کی ۔انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنی تہذیب ، اقدار و عقائدکو برقراررکھیں ا ور یہ تعلیمات اگلی نسلوں تک پہنچائیں۔ اسی صوفیانہ انداز کو اپنائیں جسے سالہا سال پہلے ہمارے آباﺅ اجداد کو دائرہ اسلام میں داخل کرنے کا کام کیا تھا۔