راجہ علی اعجاز مئی 2021میں ریٹائر ہو جائیں گے
وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے ریاض(سعودی عرب) میں ان کی جگہ نئے سفیر کی تقرری کا ایڈمنسٹریٹو عمل شروع ہو گیا ہے تاہم نئے سفیر کی تقرری تک وہ خدمات انجام دیتے رہیں گے
نیویارک (محسن ظہیر سے ) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز مئی 2021میں ریٹائر ہو جائیں گے ۔ وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے ریاض(سعودی عرب) میں ان کی جگہ نئے سفیر کی تقرری کا ایڈمنسٹریٹو عمل شروع ہو گیا ہے تاہم نئے سفیر کی تقرری تک وہ خدمات انجام دیتے رہیں گے ۔ نئے سفیر کے لئے جنرل (ر) بلال اکبر کا نام سامنے آیا ہے تاہم دونوں ممالک کی جانب سے سفیر کی تقرری کے تقاضوں کو پورا کرنے کا عمل جاری ہے جس کے بعد ہی نئے سفیر اور ان کے نام کا سرکاری اور حتمی طور پر اعلان کیا جائے گا۔
راجہ علی اعجاز جو کہ سعودی عرب میں سفیر مقرر ہونے سے پہلے نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل تھے ، نے نیویارک میں پانچ سال خدمات انجام دیں یوں وہ گذشتہ سا ت سالوں سے بیرون ممالک میں پاکستان کےلئے سفارتی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ بالعموم بیرون ممالک میں چھ سال خدمات انجام دئیے جانے کے بعد سفارتکاروں کی دفتر خارجہ میں کچھ عرصے کے لئے تعیناتی ہوتی ہے ۔راجہ علی اعجا ز کے بار ے میں معلوم ہوا کہ نئے سفیر کی تقرری کے بعد وہ پاکستان واپس چلے جائیں گے اور مئی 2021میں فارن سروس سے ریٹائر ہو جائیں گے ۔
Raja Ali Ejaz to retire from foreign service of Pakistan in May 2021