پاکستانی امریکن فلسطین میں جنگ بندی اور انسانی مدد کےلئے اثر و رسوخ استعمال کریں، سفیر مسعود خان
فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ حکومت پاکستان ہی نہیں بلکہ پاکستان عوام مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، آزاد ریاست فلسطینی عوام کا حق ہے، سفیر مسعود خان کا ’اپنانیویارک‘ سے خطاب
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے پاکستانی امریکن کمیونٹی پرزور دیا ہے کہ وہ امریکہ میں اپنے سیاسی اثرو رسوخ کا استعمال کریں اور امریکی قانون و پالیسی سازوں پر فلسطین میں جنگ بندی کروانے اور مظلوم فلسطینی عوام کےلئے انسانی مدد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیں۔
نیویارک میں پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم ’اپنا نیویارک ‘ کے ڈاکٹر ارشد انور کی صدارت میں منعقدہ سالانہ گالا ڈنر سے خطاب کے دوران سفیر مسعود خان کا کہنا تھا امریکہ میں فلسطین میں جاری جنگ کے خلاف مظاہرے اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس دوران پاکستانی امریکن بھی امریکہ میں اپنے اپنے علاقوں کے ارکان کانگریس سے رابطہ کریں اور انہیں جنگ بندی اور انسانی امدادی کے حق میں کردار ادا کرنے کے لئے کہیں
سفیر مسعود خان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام کو اپنی آزاد اور خود مختار ریاست کا مکمل حق حاصل ہے ۔ فلسطینی عوام کے لئے ان کی آزاد ریاست قائم ہونی چاہئیے ۔ اس سلسلے میں اقوام عالم کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیے ۔