پاکستان

کراچی میں متحدہ کے رہنما علی رضا عابدی کا قتل


علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملہ خیابان غازی میں انکے گھر کے باہر اس وقت ہوا جب وہ گاڑی سے اتر رہے تھے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں دوافراد زخمی ہوئے

کراچی(اردو نیوز )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی منگل کو کراچی میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملہ خیابان غازی میں انکے گھر کے باہر اس وقت ہوا جب وہ گاڑی سے اتر رہے تھے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں دوافراد زخمی ہوئے تھے، جن میں علی رضا عابد ی کے والد اخلاق عابدی بھی شامل تھے۔ذرائع کے مطابق علی رضا عابدی کے سر اور گلے میں دو دو گولیاں لگیں،سید علی رضا عابدی کو طبی امداد کے لیے پی این ایس شفاءمنتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔خیال رہے ایم کیو ایم رہنما سید علی رضا عابدی نے دو ستمبر کو ذاتی وجوہات کی وجہ سے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لے کر آئی جی سندھ کلیم امام سے رپورٹ طلب کرلی۔ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سربراہ فاروق ستار نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی۔آئی جی سندھ کلیم امام نے سابق رکن قومی اسمبلی پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی آئی جی ساوتھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔علی رضا عابدی نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 243 میں وزیراعظم عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑا تھا۔گذشتہ دونوں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا جس میں دو کارکن ہلاک ہوئے تھے۔

Related Articles

Back to top button