مریم نواز کی گرفتاری قومی اتحاد و یکجہتی کے خلاف سازش ہے ، روحیل ڈار ، احمد جان
مریم نواز، یوسف عباس شریف اور مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرکے نیازی حکومت نے کوشش کی کہ کشمیر کاز کے تناظر میں قوم یکجا نہ پائے
جیسے انڈیا میں مودی بھارتی ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے ویسے ہی عمران خان نیازی ، پاکستانی ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے،دونوں ظالم ہٹلر اپنے اپنے انجام کو پہنچیں گے
پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے صدر روحیل ڈار اور نیویارک سٹیٹ کے صدر احمد جان کا بیان، مقبوضہ کشمیرمیں مودی سرکار کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت
نیویارک (پ ر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے صدر روحیل ڈار اور نیویارک سٹیٹ کے صدر احمد جان نے پارٹی رہنما و سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے موقع پر ان کی صاحبزادی محترمہ مریم نواز ، بھتیجے یوسف عباس شریف ، سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کے داماد کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے وقت پر کہ جب پاکستان خارجہ محاذ پر حساس ترین مراحل اور چیلنجوں کا سامنا کررہا ہے ، عمران نیازی کی حکومت ، پاکستان کو داخلی طور پر غیر مستحکم کرکے کس کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے ۔ نیاز ی حکومت کے یہ اقدمات قومی اتحاد اور یکجہتی کے خلاف ہی سازش نہیں بلکہ کشمیر کاز کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک بوگس اور جعلی کیس میں مریم نواز کو گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ نیازی حکومت عوام کے ہر دلعزیز قائدین کو جیلوں کے سات پردوں کے پیچھے بھی قید کر دیں ، وہ حق و سچ کی آواز کو نہیںدبا سکیں گے ۔
روحیل ڈار اور احمد جان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نریندر مودی ، انڈیا کا جبکہ عمران خان ، پاکستان کا ہٹلر ہے ۔ دونوں اپنے اپنے طور پر ایک سے بڑھ کر ایک ظلم کررہے ہیں ۔ان دونوں کا سیاہ دور ختم ہوگا اور دونوں اپنے اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے قائدین نے کہا کہ ہم اپنے تمام ساتھیوںاور پارٹی کی جانب سے مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر کے سپیشل سٹیٹس کو ختم کرنے کے غاصبانہ اقدام کی یہ مذمت کرتے ہیں اور کشمیر ی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ لیگی قیاد ت خواہ جیل میں ہو یا قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہی ہو، وہ اور ان کے کارکنان کشمیری عوام کے لئے اپنا تن ، من اور دھن قربان کرنے کےلئے پہلے کی طرح آج بھی تیار ہیں ۔ ہم ان مظالم کےخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔
Maryam Nawaz