مسلم لیگ (ن) امریکہ کے سابق رہنما افضل بٹ پاکستان میں انتقال کر گئے
مسلم لیگ (ن) یو ایس اے اور پاکستان امریکن کمیونٹی کی جانب سے افضل بٹ مرحوم کی امریکہ میں سیاسی اور کمیونٹی کے لئے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے

نیویار ک ( اردونیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک کے سابق رہنما افضل بٹ پاکستان میں انتقال کر گئے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک سٹی کے صدر چوہدری غلام جیلانی جو کہ پاکستان کے نجی دورے پر ہیں، نے بتایا کہ افضل بٹ جمعرات کو اپنی رہائشگاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ افضل بٹ مرحوم گذشتہ ایک عرصے سے شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھے ۔ جمعرات کو انہیں گجر خان میں واقع اپنے گھر میںدل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔ افضل بٹ کے پسماندگان میں ایک بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں ۔ مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
افضل بٹ چند سال قبل امریکہ سے واپس پاکستان منتقل ہو گئے تھے اور اپنے آبائی شہر گجر خان میں مقیم تھے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے قائدین روحیل ڈار، میاں فیاض، رانا سعید، انور شاہ واسطی ، احمد جان ، ملک اکبر، چوہدری غلام جیلانی ، عزیز بٹ ، یاسین بھٹی، خرم ملک ،ناصر بٹ، چوہدری پرویز اختر، جاوید خان سمیت دیگر نے افضل بٹ کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے اور پاکستان امریکن کمیونٹی کی جانب سے افضل بٹ مرحوم کی امریکہ میں سیاسی اور کمیونٹی کے لئے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔