عدنان شفیق کی کیلی فورنیا سے اقوام متحدہ کے سامنے ہونیوالے کشمیر مظاہرے میں خصوصی شرکت
کشمیریوں کے حق میں اس وقت تک آواز بلند کرتے رہیں گے کہ جب تک کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع نہیںہو جاتا اور ظلم کی تاریک رات انجام کو نہیں پہنچ جاتی، عدنان شفیق
نیویارک (اردو نیو ز) پاکستانی امریکن کمیونٹی کیلی فورنیا کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور پیپلز پارٹی کیلی فورنیا کے رہنما عدنان شفیق نے جمعہ کو یہاں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اور پارٹی اور کمیونٹی کی نمائندگی کی ۔ مظاہرے کے دوران عدنان شفیق کی جانب سے مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام ، مقبوضہ کشمیر میں 50سے زائد دنوں سے جاری کرفیو سمیت دیگر اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔اس موقع پر عدنان شفیق کے ہمراہ پیپلز پارٹی امریکہ کے قائدین شفقت تنویر او ر فراست چوہدری سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
انہوں نے پارٹی ساتھیوں اور کیلی فورنیا کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے مظلوم و محکوم کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کے خلاف ہونیوالے مظالم کےخلاف اور ان کے حق میں اس وقت تک آواز بلند کرتے رہیں گے کہ جب تک کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع نہیںہو جاتا اور ظلم کی تاریک رات انجام کو نہیں پہنچ جاتی ۔
عدنان شفیق نے اقوام متحدہ کے سامنے ہونےوالے تاریخی احتجاجی مظاہرے کے منتظمین کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ اقوام متحدہ کے سامنے ہزاروں کے اجتماع نے اقوام عالم اور مودی سرکار کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ کشمیر میں کسی بھی قسم کے ظالمانہ فیصلے کو بھی قبول نہیں کریں گے اور اس وقت تک سراپائے احتجاج بنے رہیں گے جب تک کہ کشمیر کے عوام کو انصاف اور حق نہیں مل جاتا۔
Adnan Shafique, PPP California, Kashmir, UNO