عدیل رانا کی نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی
کیپٹن عدیل رانا ، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے پاکستانی امریکن ہیں،پولیس آفیسرز سمیت کمیونٹی کی مبارکباد
نیویارک (اردونیوز ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی نژاد امریکی پولیس آفیسر کیپٹن عدیل رانا کو ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے ۔ وہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے پاکستانی امریکن پولیس آفیسر ہیں ۔عدیل رانا کو منگل کو ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کا پروموشن لیٹر دیا جائیگا جس کے بعد انہیں ایک پروقارتقریب میں ڈپٹی انسپکٹر کے رینک لگائے جائیں گے ۔
عدیل رانا اس وقت 84پریسنٹ (پویس سٹیشن ) بروکلین کے کمانگ آفیسر ہیں ، وہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کمانڈنگ آفیسر تعینات ہونے والے بھی پہلے پاکستانی امریکن تھے اور اب انہوں نے اپنی ترقیوں کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پائی ہے ۔
عدیل رانا کو نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں موجود پاکستانی اور مسلم امریکن پولیس آفیسرز سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے ترقی کی مبارکباد دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ ایک رول ماڈل ہیں اور ان پر سب کو فخر ہے ۔کمیونٹی رہنما راجہ آزاد گل نے بھی عدیل رانا کو ان کی ترقی پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت سے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اعلیٰ مقام حاصل کرکے کمیونٹی کاسر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔
واضح رہے کہ عدیل رانا، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم پولیس آفیسرز کی نمائندہ تنظیم ”مسلم پولیس آفیسرز سوسائٹی “ (NYPD-MOS) کے پریذیڈنٹ بھی ہیں ۔
Capt Adeel Rana has been promoted as deputy inspector in NYPD
https://www.facebook.com/photo/?fbid=5025926117485884&set=a.550840531661154