ڈیٹا سینٹر کے سسٹم میں ’کنفگریشن خرابیوں‘ کی وجہ سے اس کی سروس بند ہوئی۔فیس بک
مارک زکربرگ کی دولت میں 6 ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کھرب روپے سے زائد کی کمی ہوئی
نیویارک (اردونیوز ) امریکہ بھر میں وٹس ایپ کے صارفین کا کہنا ہے کہ چاراکتوبر سے انہیں وٹس ایپ کی سروس میں تعطل اور سروس کے صحیح کام کرنے کی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ وٹس ایپ کے صارفین کا کہناہے کہ ان کی جانب سے کی جانیوالی وٹس ایپ کالز اور میسجنگ کی سروسز صحیح طرح کام نہیں کررہیں ۔اسی طرح وٹس ایپ کے ڈیسکٹاپ ورژن بھی صحیح معنوں میں کام نہیں کررہے ۔
سروس کی بندش کے بعد اب فیس بک نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے ڈیٹا سینٹر کے سسٹم میں ’کنفگریشن خرابیوں‘ کی وجہ سے اس کی سروس بند ہوئی۔فیس بک کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ انجنیئرز کی ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے پتا لگایا کہ سروسز کیوں بند ہوئیں اور معلوم ہوا کہ کمپنی کے ٹریفک نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کے درمیان کچھ آلات کے خراب ہونے کی وجہ سے ان کی سروس بند ہوئی۔
امریکی اقتصادی اخبار’ بلوم برگ‘ کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کی سابق خاتون ملازمہ فرانسس ہافن کے انکشافات اور واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی سروس بند ہونے سے مارک زکربرگ کی دولت میں 6 ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کھرب روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔
دولت میں نمایاں کمی ہونے کے بعد مارک زکربرگ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص سے نیچے آکر پانچویں امیر شخص بن گئے اور حیران کن طور پر وہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور فرانسسی کاروباری شخص برنارڈ ارنالٹ سے بھی زیادہ غریب ہوگئے۔