ڈاکٹر شفیع بیزار مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجلاس 22اگست کو ہوگا
ڈاکٹر شفیع بیزار مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی جائے گی اور ان کی کمیونٹی کے لئے گرانقدر خدمات کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بزرگ سماجی شخصیت ، پاکستان لیگ آف امریکہ کے سابق چئیرمین و پریذیڈنٹ ڈاکٹر شفیع بیزار مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجلاس اتوار 22اگست کو ”ٹیسٹ آف لاہور ریسٹورنٹ“ کوینز، نیویارک پر سہ پہر تین بجے ہوگا۔ڈاکٹر شفیع بیزار کے قریبی ساتھی و دوست عین الحق کے مطابق اجلاس میں ڈاکٹر شفیع بیزار مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی جائے گی اور ان کی کمیونٹی کے لئے گرانقدر خدمات کے اہم پہلووں پر روشنی ڈالی جائے گی ۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شفیع بیزار نے تین سے زائد دہائیوں کا عرصہ نیویارک میں گذارا ۔ اس دوران وہ کمیونٹی میں سماجی و سیاسی طور پر نہایت ہی متحرک رہے ۔ وہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم پاکستان لیگ آف امریکہ کے روح رواں بھی رہے ۔چند سال قبل وہ گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہو گئے اور ناسازی طبیعت کی بنا پر سان فرانسسکو میں اپنی اہلیہ کے ساتھ اپنے بچوں کے پاش منتقل ہو گئے ۔ڈاکٹر شفیع بیزار کا گذشتہ ہفتے سان فرانسسکو میں انتقال ہو گیا تھا۔
Dr Shafi Bezar,