سینئرز کیخلاف بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈز: محمد رضوی کی ایف بی آئی حکام سے ملاقات
کونسل آف پیپلزآرگنائزیشن کے ڈائریکٹر محمد رضوی نے ایف بی آئی حکام کو بتایا کہ جعل ساز بذریعہ فون کالز اور آن لائن کیسے امیگرنٹ کمیونٹیز کے سینئرز کو اپنے فراڈز کا ہدف بنا رہے ہیں
ایف بی آئی حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی کہ ایف بی آئی کی جانب سے سینئرز کی حفاظت سمیت دیگر معاملات کو یقینی بنایا جائے گا، ”کوپو“ کی کمیونٹی ارکان کو ہوشیار اور متنبہ رہنے کی تاکید
نیویارک (پ ر ) کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن (COPO) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد رضوی نے یہاں ایف بی آئی حکام سے سینئرز (بزرگوں ) کو درپیش ایک اہم مسلہ کے سلسلے میں خصوصی ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں محمد رضوی نے ایف بی آئی حکام کو بتایا کہ نا معلوم جعل ساز اور فراڈئیوں کی جانب سے بذریعہ فون کالزو دیگر ذرائع سے امیگرنٹ کمیونٹی کے سینئرز(بزرگوں) کو ہدف بنانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔
”COPO“ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں ایف بی آئی حکام کی جانب سے یقین دلایا گیا کہ ایف بی آئی کی جانب سے سینئرز (بزرگوں ) کی حفاظت اور جعل سازی کے واقعات کی نگرانی کے سلسلے میں کردار کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن نے کمیونٹی ارکان کو بالعموم اور سینئرز (بزرگوں ) پر بالخصوص زور دے کر کہا ہے کہ آن لائن، بذریعہ فون کالز جعل سازوں کی کاروائیوں کے بارے میں ہوشیار اور متنبہ رہیں ۔ کبھی بھی کسی نامعلوم شخص کو فون پر اپنی ذاتی معلومات نہ دیں ،سرکاری ادارے فون کالز کے ذریعے کسی کی بھی نجی معلومات نہیں مانگتے، کسی بھی شخص کی جانب سے فون کال پر کسی قسم کے یوٹیلیٹی بل کی بذریعہ گفٹ کارڈ یا منی ٹرانسفر کے ذریعے ادائیگی جیسی کال پر فوری کوئی اقدام نہ کریں ، کوئی بھی شخص فون پر خود کو کسی ادارے کا نمائندہ بن کر جعل سازی کی کوشش کرے تو اس بارے میں بھی متنبہ رہیں ، کسی ایسی کال کو سننے کی بجائے اسے فوری بند کر دیں۔
”کوپو“ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”کوپو“ اپنی کمیونٹی کے بزرگوں کی ہر ممکن مدد اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کررہی ہے اور کرتی رہے گی ۔کمیونٹی میں جعل سازی جیسے اہم مسلہ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے سلسلے کو بھی جاری رکھے گی ۔
”کوپو“ کی جانب سے کمیونٹی ارکان سے کہا گیا ہے کہ اگر کوئی رکن یا کوئی سینئر (بزرگ) کسی بھی قسم کی جعل سازی کو شکار ہو ، تو پولیس سمیت متعلقہ ادارے کو ضرور رپورٹ کرے ۔