امریکہ سمیت بیرون ممالک سے پاکستان جانیوالوں کےلئے سفری پالیسی
بیرون ممالک سے پاکستان جانیوالے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی مسافروں کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے اہم سفری ہدایات اور پاکستان آمد پر ضروری تقاضوں کا اعلان کر دیا گیا
نیویارک (اردو نیوز )امریکہ سمیت بیرون ممالک سے پاکستان جانیوالے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی مسافروں کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے اہم سفری ہدایات اور پاکستان آمد پر ضروری تقاضوں کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس وبا کی بڑھتی ہوئی لہر کو پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے بیرون ممالک سے آنے والی پروازں کو بند تو نہیں کیا گیا تاہم ان پروازوں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے امریکہ سے گذشتہ دنوں پاکستان روانہ ہونے والے بعض مسافروں کوروانگی سے ایک دن اور بعض کو ایک سے زائد دن قبل اطلاع ملی کی ان کی پاکستان جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی ہے ۔اس نئی صورتحال کی وجہ سے امریکہ سمیت بیرون ممالک سے پاکستان جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہونا شروع ہو گیاہے۔
پاکستان پہنچنے والے تمام سافروں کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ اپنا کورونا ٹیسٹ کروا کر آئیں ۔ لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی طبی جانچ کی جا رہی ہے ، مسافروں کو جہاز سے باہر نکلتے ہی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا عملہ ٹوکن فراہم کرے گا۔ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے 200 سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کا عملہ ریپڈ انٹیجنٹ ٹیسٹ کیلئے خون کے نمونے حاصل کرے گا، مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کے بعد انہیں انتظار گاہ منتقل کردیا جائے گا اور ٹیسٹ کی رپورٹ 20 منٹ میں مسافر کو فراہم کر دی جائے گی۔
ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر مسافروں کو ان کے اپنے خرچے پر قرنطینہ کے لیے ہوٹل منتقل کردیا جائے گا جبکہ منفی رپورٹ آنے پر مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ہو گی۔متحدہ عرب امارات سے پاکستان کیلئے کئی پروازیں منسوخ ہونے کے بعد وہاںمتعدد پاکستانی پھنس گئے ، کئی پاکستانیوں نے پروازیں منسوخ ہونے کے بعد عید الفطر کیلئے گھر جانے کا منصوبہ منسوخ کردیا۔ پاکستانی حکام نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر پروازوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ عرب نیوز ویب سائٹ کے مطابق امارات کی سب سے بڑی فضائی کمپنیوں ایمریٹس اور اتحاد نے انہی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کیلئے اپنی کئی پروازیں منسوخ کردیں۔