مردم شماری: نیویارک،کیلی فورنیا سمیت بعض ریاستوں کی آبادی میں کمی
نیویارک کی نسبت ریاست ٹیکساس کی آبادی میں اضافہ ظاہر ہو رہا ہے جس کی بنیاد پر ٹیکساس کو ایوان نمائندگان میں دو مزید نشستیں مل سکتی ہیں
نیویارک (اردونیوز ) امریکہ کی آبادی کے تعین کے لئے ہر دس سال کے بعد کی جانیوالی مردم شماری جو کہ اس بار گذشتہ سال ہوئی ہے ، کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ ابتدائی نتائج کے مطابق مردم شماری کے اعداد و شمار میں نیویارک سٹیٹ کی آبادی میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں نیویارک سٹیٹ سے ایوان نمائندگان کی ایک نشست اور الیکٹورل کالج کے ایک ووٹ میں کمی واقع ہو سکتی ہے ۔نیویارک کی نسبت ریاست ٹیکساس کی آبادی میں اضافہ ظاہر ہو رہا ہے جس کی بنیاد پر ٹیکساس کو ایوان نمائندگان میں دو مزید نشستیں مل سکتی ہیں۔ اسی طرح فلوریڈا اور شمالی کیرولائنا کو ایک ایک نشست ملے گی، جبکہ مغربی ریاستوں کولوراڈو، مونٹانا اور اوریگون کی بھی ایک ایک نشست بڑھ جائے گی۔نیویارک کے علاوہ ریاستوں کی آبادی میں کمی کی وجہ سے ایک ایک نشست کم ہو سکتی ہے، ان میںکیلی فورنیا، مشی گن، اوہائیو، پنسلوانیا اور مغربی ورجینیا شامل ہیں
وائس آف امریکہ کی ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ و ممکنہ تبدیلیاں امریکی آئین کی رو سے عمل میں آئیں گی۔ امریکی ایوان نمائندگان میں ارکان کی کل تعداد 435 ہے۔ ساتھ ہی اسی تناسب سے الیکٹورل کالج کی سیٹیں مختص ہیں، جس کی بنیاد پر امریکی صدر منتخب ہوتا ہے۔ یہ نشستیں آبادی کے تناسب سے تقسیم ہوتی ہیں۔آبادی میں اضافے کے نتیجے میں جوں جوں کسی ریاست کی آبادی بڑھتی ہے ،کانگریس میں نمائندگی میں اضافہ ہوتا ہے، جب کہ وہ ریاستیں جن کی آبادی میں کمی آتی ہے یا اتنی تیزی سے آبادی نہیں بڑھتی، وہاں سے ایوان نمائندگان میں ان کی نمائندگی کم ہوجاتی ہے۔
US Census, US Population